لاہور (سپورٹس رپورٹر) کامن ویلتھ گیمز سے قبل پاکستان کی دو ایتھلیٹ کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان پر دو، دو سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کے لیے لگائے گئے کیمپ کے دوران ایتھلیٹس صدف صدیقی اور جویریہ حسن کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ دونوں پابندی کے خلاف14 دن میں اپیل کرسکتی ہیں۔ نیشنل کوچنگ سینٹرلاہور میں پیرکو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر میجر (ر) افضل اور اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن کے ڈاکٹر میثاق رضوی نے صدف اور جویریہ کا موقف سن کر ان پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔ دونوں اسپرنٹر نے کامن ویلتھ گیمزکے100 اور 200 میٹرز ایونٹ میں حصہ لینا تھا۔2008ء کے اولمپکس میں صدف نے ہیٹ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ توقع ہے کہ3 سے14 اکتوبر تک نئی دہلی میں ہونے والے گیمز میں پاکستان کا75 رکنی دستہ حصہ لے گا۔ صدف کے ٹیسٹ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کے جسم میں موجود سنتھٹک ہارمون انسانی جسم میں موجود ہی نہیں ہوتے۔ صدف نے قوت بخش ادویات کی تردید کی ہے۔ جویریہ کے جسم میں نینڈرولین کی مقدار زیادہ پائی گئی۔