لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن سے الحاق شدہ تمام یونٹس نے فیڈریشن کے تمام ارکان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نئی باڈی کا انتخاب کرلیا۔ اس بات کا اعلان فیڈریشن کے نومنتخب صدربریگیڈیئر ریٹائرڈ رشید ملک اور سیکرٹری خالد بشیر نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن سے الحاق شدہ تمام پندرہ یونٹس کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی اور راجہ بشارت اور نسیم بٹ کی سربراہی میں قائم باڈی کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نئے عہدیداران کا انتخاب کیا۔ ایک سوال کے جواب میں رشید ملک نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران کو اگر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے منظور نہیں بھی کیا جاتا تب بھی وہ ملک میں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر باسکٹ بال کے عہدیداروں کے تینوں دھڑوں کے اتحاد کا اعلان بھی کیا۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی نئی انتظامیہ نے رواں سال ستمبر میں آل پاکستان باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔