لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک) بیجنگ اولمپکس کیلئے 16رکنی پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر ظفر اللہ خان جمالی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی گراؤنڈنمبر 2پر کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے بعد ٹیم اور آفیشلز کے ناموں کا اعلان کیا۔16رکنی حتمی ٹیم میں عدنان مقصود اور کراچی سے تعلق رکھنے والے عمران وارثی طویل عرصے بعد ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ تجربہ کھلاڑی اختر علی اور پنالٹی کارنر سپیشلسٹ فل بیک عتیق احمد اور فارورڈ شبیر احمد حتمی سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔تاہم شبیر محمد اورمحمد عتیق کسی کھلاڑی کی انجری کی صورت میں ٹیم میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی نے اولمپکس گیمز کیلئے ذیشان اشرف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ فل بیک محمد عمران بھی بددستورنائب کپتان ہونگے۔دیگر کھلاڑیوں میں گول کیپر سلمان اکبر ،ناصر احمد، عمران وارثی ، محمدجاوید ،محمد ثقلین ،عدنان مقصود ،رانا آصف ،وقاص شریف ،وقاص اکبر ،ریحان بٹ ،شکیل عباسی ،عباس حیدر ،زبیر اور شفقت رسول شامل ہیں ۔جبکہ ریزرو کھلاڑیون میں گول کیپر فصیح الرحمن ،محمد عتیق ،عرفان فرید،سعید شاہ ،حسیب خان ،شبیر احمد کامران احمد اور امحمد امین شامل ہیں ۔ ٹیم کے ہمراہ5آفیشل بھی بیجنگ جائیں گے ان میں چیف کوچ خواجہ ذکا ء الدین ،کوچ نوید عالم،فیض احمد،ندیم لودھی اورپی ایچ ایف کے نائب صدر خالد محمود شامل ہیں ۔پریس کانفرنس میں میرظفراللہ جمالی نے کہاکہ انہوں نے میگاایونٹ کیلئے سب سے بہترٹیم کا انتخاب کیا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ پاکستانی ٹیم فاتح بن کرلوٹے گی۔اختر علی کو منتخب نہ کیے جانے پر چیف سلیکٹرز اصلاح الدین نے کہاکہ وہ مانتے ہیں اختر علی بہترین کھلاڑی ہیں تاہم جو ٹیم منتخب کی گئی اس میں ان کی جگہ نہیں بن سکی اور انہوں نے اولمپک کیلئے پاکستان کی مضبوط ترین ٹیم تشکیل دی ہے ۔اس سے قبل یکم جولائی سے قومی ٹیم کا کیمپ شروع ہوا جس میں ابتدائی طور پر 37کھلاڑیوں نے حصہ لیا تاہم بعد ازاں انہیں شار ٹ لسٹ کرکے 30کردیا گیا جس میں چھ کھلاڑی جونیئر ہاکی ٹیم کے شامل تھے ۔واضع رہے کہ اولمپکس گیمز 11اگست سے چینی شہربیجنگ میں ہورہے ہیں۔