لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک31جولائی 2008) چین میں ہونیوالی 29ویں اولمپک گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کا 35رکنی دستہ آج (جمعرات)کو اسلام آباد سے چین روانہ ہو گا ۔ تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں 8/اگست سے 24/اگست تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب 8/اگست کو نیشنل اسٹیڈیم بیجنگ میں ہوگی جس میں صدر پرویز مشرف، امریکی صدر جارج ڈبلیو بش سمیت 68سے زائد ممالک کے سربراہان شرکت کرینگے ۔ اولمپک گیمز میں پاکستان مجموعی طور پر 4کھیلوں ہاکی، شوٹنگ، اتھلیٹکس اور سوئمنگ میں شرکت کرے گا جن میں سے تین کھیلوں شوٹنگ، اتھلیٹکس اور سوئمنگ میں پاکستان کو وائلڈ کارڈ انٹری ملی ہے جبکہ ہاکی نے ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیا۔ اولمپک مقابلوں میں پاکستانی دستے کیلئے سرحد کے صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ چیف ڈی مشن ہونگے جبکہ دیگر آفیشلز میں بریگیڈئر سلیم نواز (سیکرٹری) ، محمد اختر نواز گنجیرا (فنانس سیکرٹری) ، کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان (سکیورٹی آفیشل ) ، ڈاکٹر وقار احمد (ٹیم ڈاکٹر) شامل ہیں ۔ قومی دستہ کے دیگر کھلاڑیوں میں اتھلیٹکس میں حاجی خالد محمود ( منیجر) ، عبد الرشید اور صدف صدیقی (اتھلیٹس)، سوئمنگ میں میجر ماجد وسیم (منیجر) ، وینا مسعود (وویمن کوچ) عادل بیگ اور کرن خان (سوئمرز)، شوٹنگ میں خالد جاوید منیجر اورصدیق عمر (شوٹر) جبکہ ہاکی میں ذکا الدین (منیجر کم کوچ) ، نوید عالم (کوچ) ، فیض الرحمان (فزیو) ، ندیم احمد لودھی (ویڈیو انالسٹ ) ، خالد محمود (آفیشل)، سلمان اکبر ، ناصر علی ، ذیشان اشرف( کپتان ) ، محمد عمران (نائب کپتان)، سید عمران علی وارثی ، عدنان مقصود ، محمد ثقلین ، رانا آصف، محمد جواد، محمد وقاص، ریحان بٹ ، شکیل عباسی ، محمد زبیر، شفقت رسول ، وقاص اکبر اوروقاص حید ر شامل ہیں ۔ "آن لائن"سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر ذکا الدین کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم اولمپک مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے پر امید ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹس میں ہر دن ایک نیا دن ہوتا ہے اور ہم میگا ایونٹ میں پوری امید کیساتھ میدان میں اتریں گے۔