لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک10 اگست 2008) چین میں محکمہ موسمیات کے حکام نے اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب کے دوران بارش روکنے کیلئے بادلوں کو منتشر کرنے والے ایک ہزار سے زیادہ راکٹ فائر کئے۔ محکمہ موسمیات نے اولمپک گیمز کے دوران بارش کے ساتھ ساتھ گرمی اور حبس کی پیشن گوئی کی ہے۔ ہفتہ کو اولمپک مقابلوں کے دوسرے دن بیجنگ میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اولمپک گیمز میں حصہ لینے والے کئی ممالک نے اس موقع پر چین کے دارالحکومت بیجنگ میں فضائی آلودگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا جو بارش کی صورت میں بڑی حد تک کم ہو سکتی ہے۔ چین کے خبر رساں ادارہ کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق چین میں بارش روکنے اور ضرورت کے وقت بارش برسانے کی ٹیکنالوجی پر بڑے پیمانہ پر تحقیق جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق 1104 راکٹ فائر کر کے بارش روکنے کا عمل ملکی تاریخ کا ایک بڑا آپریشن تھا۔