لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک10 اگست 2008)بیجنگ اولمپکس کے پہلے روز میزبان ٹیم تمغوں کی دوڑ میں سرفہرست ہے۔ پہلے روز جمہوریہ چیک کی شوٹر کترینا ایمونس نے طلائی تمغہ جیت لیا۔ کترینا نے خواتین کے دس میٹر ایئررافئل شوٹنگ ایونٹ میں پانچ سو تین اعشاریہ پانچ پوائنٹس حاصل کر کے طلائی تمغہ جیتا۔روس کی لیبوو گالکینا نے پانچ سو دو اعشاریہ ایک پوائنٹ کے ساتھ چاندی جبکہ کروشیا کی سجیزانا پیج نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ایتھنز اولمپکس کی گولڈ میڈلسٹ چین کی ڈولی پانچویں نمبر پر رہیں۔ میزبان ملک چین کو اولمپکس کے افتتاحی روز گولڈ میڈل کے لئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔چین کی خاتون ویٹ لفٹر چین زری زیا نے اپنے ملک کو پہلا طلائی تمغہ دلادیا۔ زی زیا نے اڑتالیس کلو گرام کٹیگری میں مجوعی طورپر دو سو بارہ کلو گرام وزن اٹھایا۔زی زیا نے کلین ور جرک میں دو نئے اولمپک ریکارڈز بھی قائم کئے۔ ترکی کی سبل اوزکان نے چاندی اور چائنیز تائپے کی وی لنگ چین نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔مردوں کے دس میٹر پسٹل شوٹنگ ایونٹ میں چین کے پینگ وی نے اپنے ملک کو دوسرا طلائی تمغہ دلادیا۔ وی نے چھ سو اٹھاسی اعشاریہ دو پوائنٹس اسکور کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جنوبی کوریا کے جن جونگ اوہ چاندی اور شمالی کوریا کے کم جونگ کانسی کے تمغے کے حقدار ٹھہرے۔