لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16 اگست 2008)بیجنگ اولمپک میں چین کی برتری بدستور قائم ہے ، سوئمنگ ایونٹ میں امریکی تیراک مائیکل فیلپس نے ایک اور طلائی تمغہ جیت کر اولمپک میں مارک اسپٹز کا سات گولڈ میڈل جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔اولمپک ولیج میں جاری ایونٹ کے آٹھویں روز سوئمنگ کے چار مقابلے مکمل ہوئے ، امریکی تیراک مائیکل فیلپس نے اپنے سینے کو تمغوں سے سجانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ،100 میٹر بٹر فلائی میں فیلپس نے سونے کا تمغہ اپنے نام کرکے بیجنگ اولمپک میں اپنے تمغوں کی7کرلی اور ساتواں ہی عالمی ریکارڈ بنایا ۔فیلپس نے ساتواں طلائی تمغہ جیت کر اولمپک میں اپنے ہم وطن مارک اسپٹز کا سات گولڈ میڈل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ مردوں کے50 کلو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں برازیل کے سیلو فیلو نے طلائی تمغہ جیتا۔ خواتین کی800 میٹر فری اسٹائل تیراکی میں برطانیہ کی ریبیکا نے سونے کا تمغہ حاصل کیا،خواتین ہی کی200 میٹر بیک اسٹروک فائنل میں زمبابوے کی کرسٹی کووینٹری نے گولڈ میڈل جیت لیا ۔ایتھلیٹس میں 20 کلو میٹر واک میں روس کے ویلری بورچن نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔100 میٹر ریس کی کوالی فائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی صدف صدیقی ساتویں نمبر پر رہیں اور فائنل راؤنڈ کے لئے کوالی فائی نہ کرسکیں ۔