بیجنگ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16اگست 2008) سوئٹزرلینڈ کے عالمی نمبر1 ٹینس سٹار راجر فیڈرر نے اولمپکس گیمز کے شیڈول کو کوارٹر فائنل میں اپنی ناکامی کی اہم وجہ قرار یا ہے۔ جمعرات کی شب بارش کے باعث چار گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں نمبر8 سیڈ امریکی کھلاڑی جیمس بلیک کے ہاتھوں شکست کے بعد راجر فیڈرر نے منتظمین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ انہیں صرف چار روز میں چھ میچ کھیلنا پڑے۔ انفرادی اور ڈبلز کے ایونٹ کے دوران انہیں آرام کے لئے وقت نہیں ملا۔ راجر فیڈرر جنہیں کوارٹر فائنل میں ڈیڑھ گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، اس ہار کے بعد غصے میں آ گئے۔ وہ آدھے گھنٹے بعد میڈیا بریفنگ کے لئے آئے۔ ان کے چہرے پر اداسی اور مایوسی کے ساتھ ساتھ غصے کے آثار بھی جھلک رہے تھے۔ راجر فیڈرر میڈیا سے بات چیت کرنے سے قبل کچھ دیر گہری سوچ میں گم رہے بعد میں انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کو اولمپکس گیمز کے شیڈول پر توجہ دینا چاہئے تاہم انہوں نے کہاکہ بیڈ ڈے آف مائی لائف نے مجھے گولڈ میڈل سے محروم کردیا۔ دوسری جانب امریکی اسٹار جیمس بلیک نے کہاکہ عالمی نمبر1 کو ہرانا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، فیڈرر اچھا حریف ہے اور اس کی کارکردگی بھی بہتر تھی۔ دوسری جانب امریکی خاتون وینس ولیمز کوارٹرفائنل میں ناکامی کے بعد رو پڑیں۔ انہیں چین کی لی نا نے شکست سے دوچار کیا۔