لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16 اگست 2008) 29 ویں اولمپکس میں جمعے کے روز بھی میزبان چین کا پلہ بھاری رہا، چینی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی نے دیگر کھلاڑیوں کو بے چین کیے رکھا، چینی کھلاڑیوں نے گولڈ میڈلز کی دوڑ میں قریب ترین حریف امریکا پر 12 تمغوں کی برتری حاصل کررکھی ہے۔ پاکستانی سوئمر کرن خان نے 50 میٹر فری اسٹائل کی ابتدائی ہیٹ میں اپنا قومی ریکارڈ بہتر بنایا۔ ملک کی صف اول کی پیراک نے 29.41 سیکنڈ کے ٹائم سے مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کی، انہوں نے کہا کہ وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے ایونٹ میں حصہ لیا اور آٹھ سوئمرز کے ساتھ مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے۔ جمعے کو چین نے 26 گولڈ، 9 سلور اور 6 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ قائم رکھا۔امریکا 14 گولڈ، 13 سلور اور 18 برانز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ جرمنی نے گھڑ سواری اور ویمنز سوئمنگ کے 100 میٹر ایونٹ میں بریٹا اسٹیفن کے سونے کے تمغے کی بدولت میڈل ٹیبل پر کوریا کو ایک درجہ پیچھے کرکے تیسری پوزیشن ہتھیا لی۔ جرمنی کے قبضے میں اب چھ گولڈ، نو سلور اور تین برانز میڈلز ہیں۔ دریں اثنا امریکی ویمنز فٹ بال ٹیم نے کینیڈا کو ہرا کر سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیافیصلہ کن گول نتاشا نے کیا برازیل نے ناروے کو شکست دی۔ 200 میٹر بریسٹ اسٹروک میں امریکا کے ریان لوجیٹ نے طلائی تمغہ جیتا برطانیہ نے سائیکلنگ ووڈروم مقابلے میں کامیابی پائی، 10 میٹر ایئر پسٹل میں چین کے وی پینگ اور روئنگ میں سلواکیہ کی کالسکا ایلینا نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، خواتین کے ہیوی ویٹ جوڈو مقابلے میں چین کی ٹونگ وین نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ ٹیم آل راؤنڈ جمناسٹک میں پہلا نمبر امریکا نے حاصل کیا ،مردوں کی تیر اندازی کے ایونٹ میں چینی ٹیم سرخ رو ہوئی۔