لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک )بیجنگ اولمپکس ہاکی مقابلوں میں گروپ بی کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کوایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیکر بند گلی میں لاکھڑا کیا۔ اولمپکس سٹیڈیم کے گراؤنڈ نمبر دوپر کھیلے جانیوالے میچ میں پہلے ہاف کے اٹھارہویں منٹ میں شکیل عباسی نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی جو صرف تین منٹ تک برقرار رہی۔آسٹریلیا کی جانب سے کھیل کے 21ویں منٹ میں گرانٹ شوبرٹ نے گول کرکے مقابلہ برابرکردیا۔پہلے ہاف کے اختتام پرمقابلہ ایک ایک سے برابر تھا۔میچ کے42ویں منٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے جیمی ڈوائرنے نے دوسرا اور61ویں منٹ میں ٹریوس بروکس نے تیسرا گو ل کرکے اپنی ٹیم کو یقینی فتح دلادی۔اولمپکس ہاکی کے دیگر مقابلوں میں گروپ اے میں نیوزی لینڈ نے بیلجیئم کیخلاف چاردوسے کامیابی حاصل کی۔گروپ اے کے ایک اور میچ میں سپین نے چین کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے اورگروپ بی میں ہالینڈنے کینیڈاکو دوچار سے ہرادیا۔آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے وکٹری سٹینڈ تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں ۔