لاہور(اردو پوائنٹ سپورٹس ڈیسک۔23اگست 2008) پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ذیشان اشرف نے بیجنگ اولمپکس گیمز میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر قوم سے معافی مانگ لی۔ اولمپک مقابلوں میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے آٹھویں پوزیشن حاصل کی ،انہوں نے کہا کہ اولمپک ہاکی ٹورنامنٹ میں خراب کارکردگی پر انہیں انتہائی افسوس ہے کیونکہ انہوں نے کبھی بھی ٹیم کی آٹھویں پوزیشن پر رہنے کے بارے میں سوچا تک نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ قوم نے اولمپکس میں ٹیم سے شاندار کارکردگی کی امید لگا رکھی تھی اور بیجنگ پہنچنے پر میں اور ٹیم انتظامیہ اس حوالے سے پرامید تھے لیکن ٹورنامنٹ میں سب کچھ ہماری توقعات کے برعکس ہوا، جس کا نہ صرف انہیں بلکہ پوری ٹیم اور انتظامیہ کو شدید دکھ اور افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھرپور تیاری سے اولمپکس میں شرکت کر رہے تھے اور کھلاڑیوں نے بھی اس کیلئے خوب محنت اور تیاری کر رکھی تھی لیکن ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ جو کچھ ہوا یہ سب اللہ تعالیٰ کی مرضی تھی۔