موہالی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک29مئی 2008) انڈین پریمئیر لیگ کا پہلا رائونڈ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی چاروں ٹیمیں بھی سامنے آچکی ہیں ،گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں کنگز الیون پنجاب اورممبئی انڈینز نے کامیابی حاصل کرکے آئی پی ایل کے آخری راؤنڈ کا اختتام کیا، پہلے میچ میں ممبئی انڈینز نے بنگلور رائل چیلینجرز کو 9وکٹوں سے شکست جبکہ دوسرے میں پریتی زنٹا کی ٹیم نے 42رنز سے کامیابی حاصل کی، تفصیلات کے مطابق بنگلور کے بیٹسمینوں نے راہول ڈریوڈ کی قیادت میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 18اوورز میں 123رنز کا ہدف سچن الیون کو دیا، ٹارگٹ کا تعاقب کرنے جے سوریا اور ٹنڈولکر آئے، دونوں بیٹسمینوں نے عمدہ بلّے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 96رنز بنائے، جس کے باعث مقررہ ہدف تک پہنچنا آسان ہوگیا اور یوں بنگلور کو ممبئی انڈینز نے 9وکٹوں سے شکست دیکر کامیابی حاصل کرلی، واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے میچ 18 اوور فی اننگ تک محدود کردیا گیا تھا۔ دوسرا میچ موہالی میں کھیلا گیا، کنگز الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کی اور ابتدا سے ہی دونوں اوپنروں شان مارش اور جیمزہوپ نے انتہائی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے راجستھانی بولنگ کے پرخچے اڑادیئے۔ راجستھان کی ٹیم میں اسپیڈ اسٹار سہیل تنویر اور اسپن کے بادشاہ شین وارن شامل نہیں تھے جس کی وجہ سے اس کی بولنگ لائن کافی کمزور پڑگئی تھی۔ شان مارش اور جیمز ہوپ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 133 رنز بنائے۔ مارش نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یادگار سنچری اسکور کی، وہ 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کنگز الیون پنجاب نے مقررہ اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ 222 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں راجستھان کو آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب کیف 5 کے مجموعی اسکور پر سری سانت کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 29 کے اسکور پر عرفان پٹھان نے یونس خان کوبھی صرف 3رنز کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد راجستھان رائلز کی ٹیم دباؤ میں آگئی جس کی وجہ سے بیٹسمین ہدف سے پہلے ہی ہمت ہارگئے، شین وارن الیون 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 180رنز بناسکی۔ پٹیل نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے۔