لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک29مئی 2008) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی آئی پی ایل میں شرکت کرنے کے بعد گزشتہ روز بھارت سے کراچی واپس پہنچ گئے۔ وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں ہم نے بہت زیادہ انجوائے کیا مگر میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔ وہ کارکردگی نہیں دکھا سکا جس کی خواہش لے کر بھارت گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں اپنی بیٹنگ پر توجہ نہیں دے سکا اور بولنگ کو زیادہ اہمیت دی مگر مجھے اندازہ ہوگیا کہ لوگوں کو میری بولنگ کی نہیں بیٹنگ کی فکر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوچ جیف لاسن نے سینئر کھلاڑیوں پر تعاون نہ کرنے کا جو الزام لگایا ہے اس پر میں بورڈ کے ساتھ معاہدے کے باعث کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔ بورڈ نے اب جرمانے بھی اس قدر کرنا شروع کردیئے ہیں کہ زیان کھولنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔