ممبئی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک30مئی 2008) بھارت میں جاری انڈین پریمئیر لیگ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں راجستھان رائلز نے دہلی ڈیئرزکو شکست دیکرفائنل میں پہنچ گئی ،ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں راجستھان رائلز کی اننگ کا آغاز گریم اسمتھ ور اسنودکرنے کیا، دونوں بلے بازوں نے پاکستانی اسپیڈ اسٹار محمد آصف اور آسٹریلیا کے عالمی شہرت یافتہ بولر گلین میک گرا کی بولنگ کے سامنے اعتماد سے بلے بازی کا آغاز کیا اور پہلے پانچ اوور میں اسکور43رنز تک لے گئے، ساتویں اوور میں دہلی کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 65کے مجموعی اسکور پر گریم اسمتھ آؤٹ ہوگئے، راجستھان کے بیٹسمین شین واٹسن نے ٹیم کی جانب سے عمدہ آل راؤنڈر پرفارمنس دی،واٹسن نے 52رنز بنائے، راجستھان رائلز نے مقررہ بیس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان192رنز بنائے، یوسف پٹھان نے آخری لمحات میں ٹیم کا مجموعہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، یوسف نے 45رنز کی اننگ کھیلی، دہلی کے بولرز ماہروف نے تین، مہیش اور مشرا نے دو دو جبکہ محمد آصف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ہدف کے تعاقب میں دہلی کو ابتدا ہی میں دھچکہ لگا، جب 23کے اسکور پر کپتان سہواگ صرف تین رنز بناکر اور گھمبیر گیارہ رنز بناکر پویلین لوٹے، دونوں کو شین واٹسن نے آؤٹ کیا، کچھ دیر ہی بعد واٹسن نے شیکھر دھون کو اور پٹیل نے تیواڑی کو آؤٹ کر کے دہلی کی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ختم کردیں ، راجستھان کی عمدہ بولنگ اور فیلڈنگ کے باعث دہلی کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہی اور پوری ٹیم صرف 87رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں راجستھان رائلز نے فائنل میں اپنی جگہ باآسانی بنا لی۔