ممبئی(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک30مئی 2008) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد آصف کہنی کی انجری کے بعد ہاتھ کی چوٹ سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ گزشتہ روز دہلی ڈیر ڈیولز کی جانب سے انڈین پر یمیئر لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں بولنگ کرکے اپنی فٹنس ثابت کردی ۔ محمد آصف کا کہنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے تین قومی ٹورنامنٹ اور ایشیا کپ میں اپنے وہ گر آزمانے چاہتے ہیں جو انہوں نے میک گرا اور ڈینس للی سے سیکھے۔ ڈینس للی نے کہا کہ آصف بہترین صلاحیتوں کا حامل بولر ہے، مجھے اسے بتانے کا زیادہ موقع نہیں ملا کیوں کہ وہ پہلے سے بہت کچھ جانتا ہے البتہ آصف کی بولنگ اور بولنگ تکنیک میں جو چھوٹی موٹی خامیاں تھیں انہیں دور کرانے کی کوشش کی۔ محمد آصف میں یہ کوالٹی ہے کہ وہ بہت اچھا طالب علم ہے جسے ایک بار کچھ بتانے کے بعد وہ بات دہرانا نہیں پڑتی۔آصف نے کہا کہ بد قسمتی سے میرے بائیں ہاتھ پر چوٹ لگ گئی اور ٹانکے آئے لیکن اب میں فٹ ہوں اور میری فٹنس اور کیر یئر کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔