لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک02جون2008)انڈین پر یمیئر لیگ کے اختتام پر پنجاب ٹیم کی آنرپریتی زنٹا کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے مجھے کرکٹرز کے قریب آنے کا موقع ملا ۔ مجھے شروع ہی سے کرکٹ کا شوق تھا لیکن کھیل سے اس قدر جذباتی لگاؤ ہوجائے گا اس کا اندازہ نہ تھا۔ کنگز الیون پنجاب کے کھلاڑی چند ہفتوں میں میرے گھر والوں کی طرح بن گئے ٹورنامنٹ کے بعد میں انہیں مس کروں گی کیوں کہ کرکٹرز نے مجھے اور میرے ساتھیوں کو بڑی خوشیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا شاہ رخ خان سے موازنہ کرنا مشکل ہے۔ شاہ رخ نے اپنی ٹیم نائٹ رائیڈرز کے لئے بہت کچھ کیا ۔ میں نے کوشش کی کہ کھلاڑیوں کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ پریتی زنٹا نے کہا کہ کئی میچوں کے دوران میں جذباتی ہوگئی۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ممبئی کے خلاف میچ کی آخری گیند پر جب یووراج نے بیٹسمین کو رن آؤٹ کیا تو چند لمحوں کے لئے میں سکتے میں آگئی۔ مجھے یقین نہیں تھا کہ یووراج نے بیٹسمین کو رن آؤٹ کردیا ہے ۔ اچانک میرے ساتھی نے مجھے جھنجوڑ کر بتایا کہ ہم میچ جیت گئے ہیں تو میری چیخ نکل گئی۔ پریتی نے کہا کہ انڈین پر یمیئر لیگ کے دوران جہاں مجھے کھلاڑیوں کے قریب آنے کا موقع ملا وہیں پنجاب کے لوگوں کی محبت بھی کو فراموش نہیں کرسکتی ، انہوں نے ہمیں بہت سپورٹ کیا۔ رات گئے پیدل گھروں کو گئے لیکن ہماری حوصلہ افزائی کے لئے گراؤنڈ آتے رہے۔