کولکتہ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک22-اپریل2008)انڈین پریمیئر لیگ کے ابتدائی2 مقابلوں میں یکے بعد دیگرے کامیابی حاصل کرنے والی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو اس بات کی امید ہے کہ کامیابیوں کا تسلسل ٹورنامنٹ کے اگلے مقابلوں میں بھی جاری رہے گا، نائٹ رائیڈرز نے دکن چارجرز کے خلاف کامیابی کے بعد گذشتہ روز کولکتہ میں جشن منایا جس میں بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان، جوہی چاولہ اور ٹیم کپتان سارو گنگولی سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ شاہ رخ اور گنگولی نے کہا ہے کہ بہتر شروعات ان کی ٹیم کی مزید کامیابیوں میں اہم رول ادا کرے گی ۔ شاہ رخ نے کہا کہ ان کی ٹیم مخالف ٹیموں کیلئے سخت حریف ثابت ہو گی ،کوچ نے کھلاڑیوں کو پہلے ہی کہ دیا ہے کہ انہیں کامیابی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہو گا، ایک سوال کے جواب میں شاہ رخ نے کہا کہ میں کبھی نروس نہیں ہوتا، لیکن بعض اوقات مجھے مایوسی ہوتی ہے اور بعض اوقات میں جذباتی بھی ہو جاتا ہوں۔ واضح رہے کہ افتتاحی مقابلے میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے راہول ڈریوڈ کی زیر قیادت بنگلور رائلز چیلنجرز کو140 اور دوسرے مقابلے میں وی وی ایس لکشمن کی دکن چارجرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹ سے شکست دی تھی۔