لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک24-اپریل2008) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ اگر آئی سی سی نے فوراً مداخلت نہ کی تو انڈین پرئمیر لیگ انٹرنیشنل کرکٹ کو بہت نقصان پہنچائے گی۔ ائی پی ایل میں دولت کی کشش نے کئی اسٹارز کرکٹ کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر آمادہ کرکے پہلے ہی ایک نیا تنازع کھڑا کردیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ آئی سی سی اور کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے ذریعے بہت زیادہ مالی فائدہ اٹھارہے ہیں لیکن وہ کرکٹرز کی بدولت ملنے والی اس رقم میں بہت کم حصہ انہیں دیتے ہیں اس وجہ سے کرکٹرز آئی پی ایل جیسی پرکشش لیگ کا رخ کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی سی سی اور بورڈز کھلاڑیوں کو زیادہ معاوضہ دیں تو کھلاڑی اس طرح کے مقابلوں میں حصہ لینے کا نہیں سوچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسا وقت آگیا ہے کہ کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کو تیار ہیں جو کھیل کیلئے بہت خطرناک رحجان ہے۔104ٹیسٹ اور 356ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وسیم اکرم نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی کے نئے باس ہارون لورگاٹ اس اہم مسئلہ پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹونٹی20کرکٹ کی زیادتی ایک روزہ میچوں کیلئے نقصان دہ ہے ۔ ٹیسٹ کرکٹ کی انفرادیت متاثر نہیں ہوگی تاہم ایک روزہ کرکٹ کو زندہ رکھنے کیلئے آئی سی سی کو مناسب اقدامات کرنا ہونگے۔