لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک01مئی 2008)عالمی ریکارڈ یافتہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ پریشرکا دوسرا نام ہے،کئی لوگ دباؤ میں ہمت ہار جاتے ہیں لیکن مجھے چیلنجز پسند ہیں۔ ایک انٹرویو میں دھواں دار بیٹنگ کے لیے پوری دنیا میں مشہور رائٹ ہینڈر نے کہا کہ آئی پی ایل ابھی ابتدائی مراحل میں ہے البتہ یہ ایک زبردست تجربہ ہے ، اس طرزکی کرکٹ کا اصل مزا شائقین کی توقعات پورا کرنے میں ہے۔ دکن چارجرزکی نمائندگی کرتے ہوئے میری ملاقات لکشمن اور اینڈریو سائمنڈز جیسے حریفوں سے ہوئی کیونکہ ہم ایک ہی ٹیم میں کھیل رہے ہیں، اس اعتبار سے یہ بات بہت دلچسپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں کھیل کر میں نے قطعی محسوس نہیں کیا کہ میں اپنے ملک سے باہر ہوں، ممبئی کرکٹ کے عاشقوں کا شہر ہے ، وہ ہمیشہ میری زبردست پذیرائی کرتے ہیں بلکہ پورے بھارت میں ہی مجھے یکساں محبت ملتی ہے۔ راجستھان رائلزکے خلاف میچ میں ان کے کپتان شین وارن کے ایک دوسرے کوگھورنے کے واقعہ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ سخت مسابقت کی فضا میں ایسا ہوتا ہے، انہوں نے اسے مذاق مستی قرار دیا۔