لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک02مئی 2008)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد بھی شعیب اختر کی انڈین پریمیئرکرکٹ لیگ میں شرکت کے اثار تاحال نظر نہیں آرہے ، جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ کے منتظمین کسی نتیجے پر پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈکے سیکرٹری نرنجن شاہ کے مطابق ابھی تک شعیب اخترکوکھلانے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ آئی پی ایل کی کمیٹی اس حوالے سے فیصلہ اگلے3-2 دن میں کرے گی، ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ اپنے اسی پرانے موقف پر قائم ہے کہ شعیب اخترکو اس وقت تک لیگ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ، قومی ٹیم میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا۔ دوسری طرف شعیب اختر نے کہا ہے کہ وہ پی سی بی کی طرف سے اجازت ملنے کے باوجود آئی پی ایل کھیلنے بھارت نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری کول کتہ نائٹ رائیڈرزکے شاہ رخ خان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ شعیب اختر نے سماعت کے دوران آئی پی ایل میں شرکت کی خواہش ظاہر نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شعیب اختر کے بارے میں اپیلٹ ٹریبونل کا جو عبوری فیصلہ آیا تھا اس کی کاپی اور دیگر مسودہ آئی پی ایل کو بھیج دیا گیا ہے، اگر وہ تفصیلی فیصلہ مانگیں گے تو وہ جمعے کو بھیج دیا جائے گا۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سابق صدر اور آئی پی ایل کونسل کے رکن آئی ایس بندرا نے کہا ہے کہ کوئی ایسا کھلاڑی جو اپنے ملک کے لیے نہیں کھیل سکتا، اسے آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے۔ شعیب اخترکو نہ کھلانے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا گیا ہے، اس میں تبدیلی ممکن نہیں ہے۔