بنگلور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک) آئی پی ایل میں اپنے ابتدائی دو میچز میں شکست کھانے کے بعد یوراج سنگھ کی قیادت میں پنجاب کنگز الیون نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے گزشتہ روز بنگلوررائلز چیلنجرز کو6وکٹوں سے شکست دیکر مسلسل پانچویں فتح حاصل کی۔بنگلور کے تاریخ گراؤنڈ پر کھیلے میچ میں میزبان بنگلور رائلز چیلنجرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 126رنز بناپائی۔بنگلور نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو سری سانتھ میزبان ٹیم پر قہربن کر ٹوٹے اور میچ کے پہلے ہی اوورز میں دونوں اوپنر وسیم جعفر اور کمرون وائٹ کو صفر پر پویلین بھیج کر اپنے کپتان یوراج سنگھ کے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کے فیصلے کودرست ثابت کردکھایا۔پاکستانی سٹار بیٹسمین مصباح الحق 8رنز بناسکے جبکہ افریقی آل راؤنڈر جیک کیس صفر پر رن آؤٹ ہوئے تاہم کپتان راہول ڈریوڈ نے بھرپورمزاحمت کی اور 51گیندوں پر 66رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔127رنز کے قلیل ہدف کے تعاقب میں پنجاب الیون کی جانب سے شان مارش 39اور سروان نے 31رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ۔پنجاب کنگزالیون نے مطلوبہ ہدف 18.2اوورز میں پورا کرکے میچ میں فتح حاصل کی،پریتی زنٹا کی پنجاب الیون کی یہ مسلسل پانچویں فتح ہے۔