لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک06مئی 2008)انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد ان ایکشن ہے مگر وہیں اس بات کی کوئی گارنٹی دینے کو تیار نہیں کہ آیا یونس خان راجستھان رائلز کی کب نمائند گی کرپائیں گے یا نہیں اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔ لیکن با خبر ذرائع کا کہنا ہے راجستھان رائلز نے یونس خان کو ہدایت کہ ہے کہ وہ ابھی پاکستان ہی میں رہیں۔ کیوں کہ موجودہ ٹیم میں ان کی پلیئنگ الیون میں جگہ بننا مشکل ہے۔ یونس خان کو ہفتے کو کراچی سے جے پور پہنچنا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے ماسکرن ہاس اگلے چند دن میں وطن لوٹ جائیں گے جس کے بعد یونس خان راجستھان کی ٹیم کو جوائن کر سکیں گے۔ آسٹریلیا کے اسپن لیجنڈ شین وارن کی کپتانی میں راجستھان رائلز کی ٹیم چھ میں سے پانچ میچ جیت کر لیگ ٹیبل پر ٹاپ پر ہے۔ اس وقت راجستھان کی الیون میں جو چار غیر ملکی کھیل رہے ہیں ان میں پاکستانی سہیل تنویر، جنوبی افریقا کے گریم اسمتھ مکھایا این تینی اور آسٹریلیا کے شین وارن شامل ہیں۔ ٹیم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے یونس خان پاکستان کے سینئر بیٹسمین ہیں ان کی صلاحیتوں سے کسی کو انکار نہیں ہے لیکن وہ اسی وقت بھارت آئیں گے جب وہ ٹیم میں جگہ پا سکیں ۔ امکان ہے کہ وہ 15مئی کے قریب ٹیم کو جوائن کریں گے۔ اس وقت پاکستان کے ایک اور اہم کھلاڑی اور وکٹ کیپر کامران اکمل راجستھان کی الیون سے باہر ہیں۔ ٹورنامنٹ کے قوانین کے تحت ایک وقت میں چار غیر ملکی کسی بھی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔