لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک)قائم مقام کپتان ایڈم گلکرسٹ کی ذمہ دارانہ فیفٹی اور شاہد آفریدی کے 6گیندوں پربرق رفتار 20رنزنے دکن چارجزکو چنائی سپر کنگ کے خلاف فتح دلادی۔چنائی میں کھیلے گئے اس میچ میں سپر کنگز کی ٹیم نے چارجزکو میچ جیتنے کیلئے 145رنز کا ہدف دیا ،سپر کنگز کی جانب سے سریش رائنا نے 32، کپتان دھونی23، مورکل 29اور سابق کیوی قائد سٹیفن فلیمنگ نے 14رنزسکور کیے۔145رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلکرسٹ اور ہرشل گبزنے اپنی ٹیم کو 24رنز کاآغاز فراہم کیا ،چارجز کے پہلے آؤٹ ہونیوالے بیٹسمین گبزتھے جو10رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم دورسرے اینڈ پر موجود سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ نے حریف باؤلرز کے خوب پٹائی کی اور 36گیندوں پر54رنز بنائے ان کی اننگز 2چھکوں اور 7چوکوں سے مزین تھی۔دکن چارجز کو پورے ٹورنامنٹ میں دوسری فتح دلانے میں کیوی بیٹسمین سکاٹ سٹائرس کا بھی ہاتھ ہے انہوں نے 36رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم چارجز کو فتح کے درکار آخری 20رنز پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے محض 6 گیندوں پر حاصل کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔گلکرسٹ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔