لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک07مئی 2008)سہیل تنویر نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے14 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔ ان کی کارکردگی نے جے پور کی ٹیم کو چنئی کے خلاف یک طرفہ کامیابی دلوادی۔انہیں ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کی پاکستانی ٹیم میں اس وقت جگہ ملی جب شعیب اختر محمد آصف کو بیٹ مارنے کی پاداش میں ٹیم سے باہر ہوئے۔انہوں نے ثابت کر دکھایا کہ 20 اوورز کی کرکٹ صرف بیٹسمینوں کی کرکٹ نہیں ہے۔ ان کو آسٹریلوی شین واٹسن کی طرح دوسری نیلامی میں ایک لاکھ ڈالرزمیں خریدا گیا لیکن شین وارن کا کہنا ہے کہ یہ میرا سب سے قیمتی کھلاڑی ہے۔ سہیل تنویر کہتے ہیں کہ چھ وکٹیں ضرور لی ہیں لیکن یہ پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، شین وارن نے کہا کہ ابتدائی تین اوورز میں دو رنز دے کر سہیل نے سب کو حیران کردیا۔ کول کتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف کھیلتے ہوئے سہیل تنویر نے دوسرا اسپیل اچھا کیا۔جبکہ چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھی سہیل کی ورلڈ کلاس کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔