لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک)بھارت میں جاری آئی پی ایل ٹورنامنٹ کے 30ویں معرکے میں شین وارن کی زیر قیادت راجھستان رائلزنے دکن چارجرز کو 8وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے اس میچ میں چارجرز کے کپتان ایڈم گلکرسٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا اور بطوراوپنر اپنی ٹیم کو گبزکے ہمراہ ملکر پہلی وکٹ کی شراکت میں 61رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔گلکرسٹ نے 9چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے49گیندوں پر 61رنز بنائے جبکہ گبزکی اننگز19رنز تک محدود رہی۔پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی ایک بار حسب معمول چھکا لگانے کی کوشش میں محض 1رنز بنانے کے بعد واپس لوٹ گئے۔دکن چارجرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ20اوورزمیں8وکٹوں کے نقصان پر140رنز بنائے۔راجھستان رائلز کی جانب سے کپتان شین وارن نے 2وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں راجھستان رائلز نے ہدف کا تعاقب انتہائی جارحانہ انداز میں کیا،اوپنرز بیٹسمین یوسف پٹھان اور گریم سمتھ نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار سٹروکٹس کھیل کر حریف باؤلرز کو تگنی کا ناچ ناچنے پر مجبور کردیا۔141رنز کے ہدف کے تعاقب میں راجھستان رائلز کے اوپنر زنے پہلی وکٹ کی شراکت میں 109رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔یوسف پٹھان نے 37گیندوں پر9چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 68رنز بنائے جبکہ ساتھی اوپنر سمتھ نے 40رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو باآسانی 8وکٹوں سے فتح دلائی۔