دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16مئی 2008)انڈین کرکٹ لیگ(IPL) کے ایک اہم میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد دکن چارجرزکو 12 رنز سے شکست دے دی۔ ڈیئر ڈیولزکی جانب سے گوتم گمبھیر اور دھاون نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے194 رنزکا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کردیا جبکہ بولر مشرا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ شاہد آفریدی نے 14گیندوں پر شاندار33 رنز بنائے مگر ان کی بیٹنگ بھی دکن چارجرزکو شکست سے نہ بچا سکی۔ دکن چارجزکی ٹیم بھرپور مقابلے کے بعد 182رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ”جیو سوپر“ نے یہ دلچسپ میچ اپنے کرکٹ شائقین کیلئے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم سے براہ راست نشر کیا۔ تفصیلات کے مطابق دکن چارجرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ دہلی ڈیئر ڈیولزکی جانب سے گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ نے بلے بازی کا آغازکیا اور 7 کے مجموعی اسکور پر وریندر سہواگ بغیرکوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اُن کے بعد آنے والے بلے باز دھاون نے گمبھیرکا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے اپنی شراکت میں ٹیم کا اسکور140تک پہنچا دیا۔ گوتم گمبھیر 7چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے79رنز بنا کر وکٹ کیپر گلکرسٹ کے ہاتھوں اسٹمپ ہوئے۔ مقررہ اوورزکے اختتام پر ڈیئرڈیولزکے بلے باز دھاون68 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ 195 رنز کا ہدف عبورکرنے دکن چارجرزکی جانب سے شاہد خان آفریدی اور ایڈم گلکرسٹ میدان میں آئے مگرگلکرسٹ14رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شاہد آفریدی33 رنز بناکر مشرا کی بال کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر وینو گوپال راؤ نے2چھکے اور ایک چوکا لگا کر میچ اپنی جانب کر لیا تھا مگر میک گرا نے عمدہ بولنگ کرکے اُنہیں 34رنز پر پویلین لوٹا دیا۔ ڈیئر ڈیولز کے بولر مشرا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے بلے باز تیجا کو9،آر پی سنگھ کو1 اور اوجھا کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کرکے انڈین پریمےئر لیگ کی دوسری ہیٹ ٹرک مکمل کی اور دکن چارجرزکی پوری ٹیم 182 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔