لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک19مئی 2008)پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آر م فاسٹ بولر سہیل تنویر نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ٹوئنٹی20 کرکٹ میں 14رنز دے کر چھ وکٹیں لینے اور ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے سہیل تنویر اب تک گیارہ وکٹیں لے چکے ہیں۔ بنگلور کے خلاف انہوں نے10رنز دے کر تین وکٹ لئے ۔ ان کی ٹیم 16پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر ہے۔ سہیل تنویر کا کہنا ہے میری کارکردگی سب کے سامنے ہے اور میں چاہتا ہوں کہ بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کروں۔دوسری جانب مصباح الحق ایک پھر صفر پر آؤٹ ہوگئے جس نے راہول ڈریو ڈ کے اس موقف کی تائید کی ہے کہ پاکستانی نائب کپتان کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ درست تھا۔ بنگلور رائل چیلنجر نے انہیں راجستھان رائلز کے خلاف ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کے لئے بھیجا لیکن وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔ شائد اسی لئے اب وجے مالیا کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ڈریوڈ کے بارے میں ان کا ابتدائی موقف غلطی فہمی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے راہول ڈریوڈ کی قیادت اور ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی اہلیت و صلاحیت پر پورے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔