موہالی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک) انڈین پریمئیر لیگ میں یوراج کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم کنگز الیون پنجاب نے دکن چارجرز کو 6وکٹوں سے شکست دیکر کامیابی حاصل کرلی اور یوں پوائنٹس ٹیبل میں اس کے پوائنٹس 18ہوگئے ہیں اور وہ سیمی فائنل میں بہترین جگہ بناچکی ہے جبکہ دکن چارجرز ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کنگز الیون پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا، دکن چارجرز کی اننگز کا آغاز کپتان ایڈم گلکرسٹ اور ہرشل گبز نے کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 79رنز بنائے، ہرشل گبز 44رنز کی اننگز کھیل کر گگن دیپ کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ 15ویں اوور میں رمیش پورا نے گلکرسٹ کو 50کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا اور یوں دکن چارجرز نے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان 175رنز بنائے، 176رنز کا تعاقب کرنے کے لیے پنجاب کے اوپنرز شان مارش اور کماراسنگا کارا نے عمدہ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروک کھیلے، دونوں بیٹسمینوں نے3.5اوورز میں 50رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، یہ آئی پی ایل میں تیز ترین نصف سینچری کا ریکارڈ بھی ہے۔ سنگاکارا نے پچیس گیندوں پر نصف سینچری جبکہ شان مارش نے 60رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور یوں دونو اوپنر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کنگز الیون پنجاب نے مطلوبہ ہدف 4وکٹ کھو کر حاصل کرلیا۔