جے پور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک27مئی 2008) انڈین پریمئیر لیگ میں راجستھان رائلز نے ممبئی انڈینزمیچ کی آخری گیند پر سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دیکر ٹنڈولکر الیون کی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، جے پور میں کھیلے گئے میچ میں راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے ممبئی انڈینز کو دعوت دی، ممبئی کے کپتان ٹنڈولکر اور جے سوریا نے اپنی ٹیم کو 71رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن پھر راجستھان رائلز کے بولروں نے خاص طورپر سہیل تنویر کی شاندار بولنگ نے ممبئی کے بیٹسمینوں کو بڑا اسکور نہیں کرنے دیا، ممبئی انڈینز نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 145رنز بنائے، جے سوریا اور ٹنڈولکر عمدہ بیٹسمین رہے جبکہ سہیل تنویر نے چار اوورز میں 14رنزدے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم وہ اس وقت 21وکٹوں کے ساتھ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے، راجستھان رائلز نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو کوئی بیٹسمین عمدہ بیٹنگ کرنے اور اسکور کو اپنے ٹارگٹ تک پہنچانے میں ناکام رہے، ایک موقع پر77رنز پر راجستھان رائلزکے 5کھلاڑی پویلین واپس جاچکے تھے۔ پٹیل اور جڈیجا نے ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں فتح کی بنیاد رکھی۔ جڈیجا 23اور پٹیل 40رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آخری اوور میں راجستھا ن کو فتح کے لیے 15رنز اور آخری گیند پر 3رنز درکار تھے۔ سری لنکن بولر دلہارا فرنینڈو نے وائیڈ بال کرائی اور پھر آخری گیند پر جے سوریا نے میچ ٹائی ہونے کا موقع اس وقت ضائع کیا جب وہ بیٹسمین کو رن آؤٹ نہ کرسکے۔ اس شکست کے بعد ممبئی انڈینز کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانا مشکل ہوگیا ہے اور اس کی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کا دارومدار دیگر میچوں کے نتائج پر بھی ہوگا