نئی دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک27مئی 2008)انڈین پر یمیئر لیگ میں سب سے پہلے خارج ہونیوالی ٹیم دکن چارجرز کے قائم مقام کپتان سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے تمام ٹوٹکے آزما لئے لیکن مجھے کامیابی نہیں مل سکی۔ انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ اب میں اگلے میچ میں بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کروں گا شائد ہم جیت جائیں۔ واضح رہے کہ وی وی ایس لکشمن کے ان فٹ ہونے پر گلکرسٹ کو قیادت سونپی گئی تھی۔ گلکرسٹ نے بنگلور کے خلاف ٹورنامنٹ میں گیارہویں شکست کے بعد کہا کہ میں نے ڈریسنگ روم بدل لئے۔ ہوٹل میں بستر کی سائیڈ بدل لی لیکن لگ رہا ہے کہ قسمت ہم سے روٹھ گئی ہے۔ سخت برہمی کے انداز میں انہوں نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے پاس صلاحیت کی کمی ہے۔ ہم نے جو کرنا تھا وہ نہ کیا میں اس سے زیادہ کچھ اور نہیں کہہ سکتا۔ ہم نے آخری بارہ گیندوں پر دو رنز بنائے جبکہ بنگلور کے اکھیل نے سات گیندوں پر27 رنز اسکور کئے۔ یہی فرق ہمیں جیت سے دور کر گیا۔ عام طور پر ٹھنڈے مزاج کے گلکرسٹ اپنے جذبات کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے راہول ڈریوڈ کی کپتانی کی تعریف کی اور کہا کہ کمبلے سے پہلا اوور کرانا اچھا فیصلہ تھا