ممبئی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ بائولرشعیب اختر نے نائٹ رائیڈرز کے لئے اپنے تجربے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان نے کھلاڑیوں کو جتنی محبت دی اور خیال رکھا، ان کاجس قدر شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔ تاہم انہوں نے میڈیا پر برہمی دکھاتے ہوئے کہا کہ میں خاموشی سے پاکستان کے لئے کھیلنا چا ہتا ہوں لیکن نامعلوم کیا وجہ ہے کہ میرے اسکینڈلز سامنے لائے جاتے ہیں لگتا ہے کہ کچھ لوگ میری شہرت سے خائف ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی کرکٹرز انڈین پر یمیئر لیگ میں حصہ لینے کے بعد وطن واپس لوٹنا شروع ہوگئے ہیں۔ عمر گل، سلمان بٹ اور محمد حفیظ کے بعد بدھ کو شاہد آفرید ی بھی کراچی لوٹ رہے ہیں۔البتہ شعیب اختر اب سندر بن کے جنگل میں ہیں۔جہاں وہ ایک ٹیلی وژن کے لئے شوٹنگ کے ساتھ ساتھ وائلڈ لائف کے ایک پر وگرام میں بھی حصہ لیں گے۔یہ پروگرام بنگال ٹائیگرز کو بچانے کے لئے متعارف کرایا گیا ہے۔کیوں کہ بنگال ٹائیگرز کی نسل تیزی سے ختم ہورہی ہے۔ دریں اثنا کول کتہ نائٹ رائیڈرز کی پیر کو ہونے والی میٹنگ چار گھنٹے جاری رہی، جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور اگلے سال کی حکمت عملی بنائی گئی۔