لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)پاکستانی فاسٹ بولرعمر گل کو دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔انگلینڈ میں کھیلے جانیوا لے دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے عمرگل تیرہ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولرہیں۔ رواں ایونٹ میں انہوں نے چھ رنزکے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کرکے اننگز میں سب سے بہترین بولنگ کرانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ عمر گل نے یہ کارنامہ سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انجام دیا۔قومی ٹیم کی فائنل تک رسائی میں عمرگل کی کارکردگی نمایاں رہی جبکہ انہیں دوہزار سات میں جنوبی افریقا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ جنوبی افریقا میں ہونے والے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عمر گل نے سات میچوں میں ایک سو پچپن رنز کے عوض سب سے زیادہ تیرہ وکٹیں حاصل کیں تھیں۔