لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیت کرپاکستان نے انیس سو ننانوے کی شکست کا ازالہ کردیا۔ دس سال قبل لارڈز میں ہونے والے عالمی کپ کے فائنل میں پاکستان کوآسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑاتھا۔قومی ٹیم انیس سو ننانوے کے عالمی کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے مدمقابل آئی تھی جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دس سال قبل ہونے والے فائنل اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کی کے حتمی معرکے کی تاریخ، مقام اور دن بھی ایک ہی تھا۔ تاریخ اکیس جون ، اتوار کا دن اور میدان تاریخی گراوٴنڈ لارڈز۔ آسٹریلوی ٹیم نے ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس شکست کی تلخ یادیں لوگوں کے ذہنوں میں اب تک موجود تھیں لیکن پاکستان نے لارڈزہی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں سری لنکاکو ہراکراس شکست کوفراموش کردیا۔