لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) اس اور اگلے سال پاکستان کا ٹور کرنے والی غیرملکی ٹیموں نے ایک بار پھر سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرکے اپنے ٹورز پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ساؤتھ افریقہ نے اس سال اکتوبر میں پاکستان میں 2ٹیسٹ اور 5ون ڈے کھيلنے ہیں۔ اس نے بھی سیکیورٹی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پاکستان میں سیکیورٹی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق ساؤتھ افریقی بورڈ نے اس سلسلے میں پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے۔ سیکیورٹی وفد ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ پی سی بی حکام اور وزارت داخلہ کے حکام سے ملاقات کرے گا جبکہ اس سے پہلے ساؤتھ افریقہ کرکٹ بورڈ پاکستان کے بنائے ہوئے شیڈول کی منظوری دے چکا ہے اور اس نے پشاور میں ون ڈے کھيلنے پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔ دوسری طرف دسمبر میں لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ہونا ہے جس میں شرکت کيلئے آسٹریلیا نے ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے اور سیکیورٹی ٹیم ارسال کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن حالیہ واقعات کے بعد آسٹریلیا کی چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق ہوگا اور اس میں تمام ٹیمیں شرکت کریں گی۔ آسٹریلیا نے شرکت سے انکار ابھی تک نہیں کیا۔ دوسری طرف آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے اگلے سال شیڈول کے مطابق پاکستان کا ٹور کرنا ہے۔ آسٹریلیا نے سیکیورٹی کے معمولی خدشات میں بھی پاکستان آنے سے گریز کیا ہے اور اس نے اب سال کے بعد پاکستان کا ٹور کرنا ہے۔ اس نے آخری ٹور 1998-99ء میں کیا تھا جبکہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے 2002-03 کی سیریز کے میچ غیرجانبدار مقامات کولمبو اور شارجہ میں کھيلے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اگلے سال ہونے والے ٹور کے پیش نظر آسٹریلیا کا سیکیورٹی وفد پاکستان آئے گا اور اس ٹور کے کھٹائی میں پڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی اے اور انڈر 19 ٹیموں نے بھی پاکستان آنا ہے۔