چنائی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -06ستمبر2007)پاکستان ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر ہو گیا۔ صرف جاپان کی سنگا پور کے ہاتھوں غیر یقینی شکست ہی اسے سیمی فائنل میں پہنچا سکتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو زندہ رہنے کے لئے بدھ کے روز ہونے والے میچ میں ملائیشیا کے خلاف فتح درکار تھی لیکن میچ ڈرا ہو گیا۔ دونوں ٹیموں نے 3-3 گول کئے۔ ملائیشیا کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی اس نے 4میچوں میں 10پوائنٹس حاصل کر لئے، پاکستان نے 4میچو ںمیں 7اور جاپان نے 3میچوں میں 6پوائنٹس حاصل کر لئے۔ جاپان نے آخری میچ آج سنگا پور کے خلاف کھیلناہے۔ پاکستان اور ملائیشیا کے میچ میں شکیل عباسی نے اوپر تلے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جس کو پہلے ہاف کے آخر میں اختر علی نے 3-0کر دیا لیکن دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی ناقص کھیل کا مظاہرہ کیا اور 3گول کروا کر جیتا ہوا میچ برابر کر دیا۔ ملائیشیا کی ٹیم نے آخری گول کھیل کے آخری منٹ میں کیا۔ پاکستانی کوچ صلاح الدین نے ناقص امپائرنگ اور آخری منٹ میں پنلٹی کارنر دینے کوشکست کا سبب قرار دیا۔ دیگر میچوں میں سری لنکا نے تھائی لینڈ کو 9-1 سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔ چین اور جنوبی کوریا کا میچ 3-3گول سے برابر رہا۔