گوجرہ(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) 1994ء میں ہاکی کا عالمی اعزاز جیتنے والی قومی ٹیم کو 13سال بعد بھی حکومت پنجاب کے اعلان کردہ ایک ایک کنال کے پلاٹ نہ مل سکے۔ 94ء میں وزیر اعلیٰ میاں منظور وٹو نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ایک ایک لاکھ روپے اور ایک ایک کنال کے پلاٹ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ۔انعامی رقم تو چند دن بعد ہی کھلاڑیوں کو مل گئی تاہم پلاٹ13سال گذر جانے کے بعد بھی کھلاڑیوں کے لئے خواب بنے ہوئے ہیں۔ ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری مسرت اللہ خان نے طارق کرمانی کے دور میں وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے پرنسپل سیکرٹری کو لیٹر میں منظور احمد وٹو کے اعلان کردہ پلاٹ کی یاددہانی کرائی ۔ 94 ء کی فاتح ٹیم میں شہباز سینئر، منصور احمد، خواجہ جنید، محمد شفقت، عرفان محمود، طاہر زمان، شہباز جونیئر، آصف باجوہ، نوید عالم، دانش کلیم، محمد عثمان شیخ، احمد عالم، کامران اشرف، رحیم خان، رانا زاہد اور وسیم فیروز شامل تھے۔