لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک03-نومبر 2007) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پنلٹی کارنر سپیشلسٹ اور گول کیپرز کی تلاش کے ليے پلان متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایچ ایف کے ترجمان کے مطابق دسمبر 2007ء سے جنوری 2008ء تک ملک میں پانچ ہاکی ٹورنامنٹس مختلف مقامات پر کھيلے جائیں گے۔ ان ٹورنامنٹس کے دوران ہر میچ کے بعد پنلٹی سٹروکس کی طرز پر پنلٹی کارنرز لگوا کر پانچ پانچ بہترین پنلٹی کارنر سپیشلسٹ اور گول کیپر کا انتخاب کیا جائے گا۔ منتخب کھلاڑیوں کے نام پی ایچ ایف کو بھجوائے جائیں گے جن کو جنوری میں ٹریننگ کیمپ کيلئے مدعو کیا جائے گا۔ کیمپ کے ليے لیفٹیننٹ کرنل ندیم احمد بھٹی کو پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔