لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ نے پی ایچ ایف کو ٹیم بھیجنے کی اجازت نہیں دی ہم وہاں اپنے کھلاڑیوں کو بھیج کر کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتے تھے، نہ ہی ان کی جان خطرے میں ڈالنا چاہتے تھے۔ ایک انٹرویو میں آصف باجوہ نے کہاکہ پاکستان کیلئے یہ دورہ بہت اہم تھا مگر حالات اور قسمت نے ہمیں موقع نہیں دیا۔ پاکستان کو اس دورے میں میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزکھیلنا تھی۔ آصف باجوہ نے کہا کہ جیسے ہی مصرکے حالات بہتر ہوں گے، پاکستان ٹیم وہاں کا دورہ کرے گی۔ پی ایچ ایف مصرہاکی کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ حکومتی سطح پر بھی اس سلسلے میں رابطے جاری ہیں۔ شیڈول کے مطابق مصری ہاکی ٹیم اپریل میں پاکستان آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایشین گیمز کی فاتح پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب آج ہوگی۔