لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان نے 58ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ جیت لی، فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے فائنل میچ میں فاتح ٹیم نے پی آئی اے کو3 کے مقابلہ میں 4 گول سے شکست دی، نیشنل بنک کی جانب سے محمد توثیق 2، محمد عتیق اور یاسر صابر نے 1،1 گول سکور کیا جبکہ پی آئی اے کی جانب سے یاسر اسلام، زبیر احمد اور احسان اللہ نے 1،1 گول سکور کیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں واپڈا نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو 4 کے مقابلہ میں 6گول سے شکست دی، واپڈا کی جانب سے وقاص شریف نے 3، سہیل عباس ، محمد عمران اور ریحان بٹ نے 1،1 گول سکور کیا، ایس ایس جی سی کی جانب سے شکیل عباسی 2، ذیشان اور ارسلان حیدر شیرازی نے 1،1 گول سکور کیا۔ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پی آئی اے کی ٹیم کے کپتان شفقت رسول کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیاء نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ اس موقع پر پی ایچ ایف کے جنرل سیکرٹری آصف باجوہ ، کمشنر فیصل آباد سید طاہر حسین، اولمپئن رانا مجاہد، خالد بشیر اور دیگر سابق ہاکی پلیئرز بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی قاسم ضیاء نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزرز کو مبارکباد دی۔