اورڈوس(سپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی چیمپئینزٹرافی کے اہم میچ میں روایتی حریف پاکستان اوربھارت کا مقابلہ دودوگول سے برابررہا۔ ڈراکے باوجود پاکستان نے دس پوائنٹس کے ساتھ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ چین کے شہراورڈوس میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان اوربھارت کا میچ دلچسپ اورسنسنی خیزثابت ہوا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی متعدد کوششیں کیں لیکن کوئی بھی گیند کوجال میں نہ پہنچاسکا۔ دوسرے ہاف کے آغازمیں پاکستان نے وقاص شریف کے گول کی بدولت برتری حاصل کی لیکن جلد ہی بھارت نے گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا۔ چوون ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے دوسرا گول کرکے گرین شرٹس کو دو ایک کی سبقت دلادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد بھارتی فارورڈز نے اچھی مووزبنائیں اورگیند کوجال میں پہنچاکرمقابلہ برابرکردیا۔ کھیل کا اختتام دودوگول کی برابری پرہوا اوریوں پاکستان نے دس پوائنٹس کے ساتھ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جاپان یا بھارت سے ہوگا۔