سجاد حسین:
ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ریسلنگ انٹرٹیمنمنٹ کے سالانہ بڑے مین ایونٹ رائل رمبل میں سمیک ڈاؤن کے سٹار شیمس نے میدان میں مار لیا۔ 30پہلوانوں کے مشترکہ نمبرگیم مقابلے رائل رمبل میں شیمس نے کرس جریکو کو سب سے آخرمیں باہر پھینک کر کیرئیر میں پہلی بار رائل رمبل نمبرگیم مقابلہ جیتا۔ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 34سالہ کنگ شیمس نمبرگیم مقابلے میں22ویں نمبر پر رنگ میں داخل ہوئے اور 22 منٹ ہی رنگ میں رہ کر چیمپئن بن گئے۔ رائل رمبل ٹائٹل جیتنے کے بعد شیمس اب اپریل میں ہونیوالے ریسل مینیا مقابلوں میں ڈبلیو ڈبلیو ای یا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کے مقابلے کیلئے لڑنے کا اہل ہوگئے ہیں اور یہ اپنی پسند پر ڈبلیو ڈبلیو ای کے کسی بھی ٹائٹل کیلئے رنگ میں اترسکتے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کے زیر اہتمام ہرسال 12بڑے ایونٹ ہوتے ہیں جہاں ”رائل رمبل“سال کا افتتاحی ایونٹ ہوتا ہے۔رائل رمبل اپنی طرز کا منفرد ایونٹ ہے جہاں ایک ساتھ 30پہلوانوں کے مابین نمبرگیم مقابلہ لڑا جاتا ہے۔ مجموعی طور پر30پہلوانوں کے درمیان ہونیوالے نمبر گیم مقابلے میں ہر ایک منٹ کے بعد ایک ریسلر رنگ میں داخل ہوتا ہے جہاں رنگ میں موجود تمام ریسلر ایک دوسرے کو باہر گرانے کی کوشش کرتے ہیں اور جو ریسلر رنگ سے باہر گرجاتا ہے وہ مقابلے سے آؤٹ ہوجاتا ہے اور سب سے آخر میں بچ جانے والا فاتح قرار پاتا ہے۔نمبر گیم مقابلے میں فتح حاصل کرنے والا ریسلر ایک ماہ بعد ہونے والے سالانہ ایونٹ ”ریسل مینیا “مقابلوں ڈبلیو ڈبلیو ای کی کسی بھی چیمپئن شپ کی بیلٹ کا مقابلہ لڑنے کیلئے کوالیفائی کربھی لیتا ہے ۔
رائل رمبل 2012ء کے نمبرگیم مقابلے میں بھی ماضی کی طرح اس بار بھی 30پہلوانوں نے حصہ لیا ۔ پہلے نمبر پر دی میز رنگ میں آئے اور سب سے زیادہ 45منٹ تک رنگ میں موجود ہیں تاہم باہر گرنے والے 25 ویں ریسلر بن کرمقابلے سے آؤٹ ہوگئے۔ رنگ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وقت 41منٹ کوڈی رہوڈز نے گزارا۔سب سے کم وقت ایپکو نے گزارا۔ ایپکو کو رنگ میں آئے صرف گیارہ سکینڈ ہوئے تھے کہ میک فولی نے اسے اٹھا کر باہر پھینک دیا جبکہ میک فولی بھی صرف چھ منٹ رنگ کے مہمان بنے۔بھارتی سٹار گریٹ کھلی نے رائل رمبل مقابلے میں حصہ لیا۔ کھلی کو 15ویں نمبر پر رنگ میں بھیجا گیا اور وہ ساڑھے سات منٹ بعد رہوڈز اور زیگلر کی مشترکہ کوشش سے مقابلے سے آؤٹ ہوئے۔ رائل رمبل مقابلے میں دلچسپی اس وقت شروع ہوئی جب 22ویں نمبر پر شیمس رنگ میں آئے۔ شمیس کے آتے ہیں مقابلے میں تیزی آگئی ہے اور رینڈی اورٹن اور بگ شاہ بھی بعد میں رنگ میں آئے اور سب ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔ کرس جریکو نے ڈیوڈ اٹونگا کو باہر پھینکا کو رینڈی اورٹن نے بگ شا پر غضب ڈھایا اور تن تنہا بگ شا کو مقابلے سے آؤٹ کردیا۔ اس کے چند لمحوں بعد کرس جریکو نے رینڈی اورٹن کے آرمانوں پر پانی پھیر دیا اور اورٹن مجموعی طور پر رنگ میں صرف پانچ منٹ کا ہی وقت گزار سکے اور مقابلے سے آؤٹ ہوگئے۔ آخر میں کرس جریکو اور شیمس بچ گئے اور دونوں کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔جریکو چونکہ رائل رمبل مقابلوں کا کافی تجربہ رکھتے ہیں جس کی بنیادپر اس نے شیمس کے سامنے آسانی سے ہار منانے سے انکار کردیا تاہم شیمس نے طاقت کے بل بوتے پر کرس جریکو کو اٹھاکر رنگ سے باہر پھینک دیا اور چیمپئن بن گئے۔
رائل رمبل مقابلوں کچھ انفرادی کشتیاں بھی ہوئیں جن میں نمایاں ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کا مقابلہ تھا جس میں چیمپئن ڈینیل برائن کو سٹیج کیج رنگ میں ٹرپل تھریٹ فارمیٹ کے تحت مارک ہنری اور بک شا سے مقابلہ لڑنا پڑا۔ اس مقابلے کا شائقین کو کئی دنوں سے انتظار تھا کیونکہ خیال کیا جارہا تھا کہ شاید مارک ہنری اپنا ٹائٹل واپس لینے میں کامیاب ہوجائیں لیکن ڈینیل نے جوانمردی کے ساتھ طاقت کے دو پہاڑوں کا مقابلہ کیا اور انتہائی خونریز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرکے اپنا عالمی چیمپئن کا اعزاز برقرار رکھا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے مقابلے میں سی ایم پنک نے ڈولف زیگلر کو شکست دیکر ٹائٹل اپنا پاس رکھا جبکہ سنگل چیلنج میچ میں رینڈی اورٹن نے جان سینا نے کین کو شکست دیکر اپنی ناکامی کا بدلہ لیا۔
رائل رمبل مقابلوں کی تاریخ پر نظردوڑائی جائے تو تاریخ کا پہلا ایونٹ 1988ء میں کینیڈا میں منعقد ہوا تھا جس میں 20 کے قریب ریسلرز نے حصہ لیا ۔ پہلا رائل رمبل چیمپئن ہونے کا اعزاز جمی ڈگن نے حاصل کیا۔ رائل رمبل کی تاریخ میں رنگ میں سب سے کم عرصہ ٹھہرنے والا بدقسمت ریسلر بش ویکر لوک ہے جس کو 1991ء کے مقابلوں میں صرف 3 سیکنڈ بعد ہی رنگ سے باہر پھینک دیا گیا ۔ 1995ء کے رائل رمبل مقابلوں میں شان مائیکل اور برٹش بل ڈاگ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رنگ میں آئے اور آخر تک یہی جوڑی لڑتی رہی۔ آخرکار شان مائیکل برٹش بل ڈاگ کو رنگ سے باہر گرانے میں کامیاب ہو گئے اور 1995ء کے رائل رمبل چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ میک فولی پہلا ریسلر ہے جس نے ایک ہی رائل رمبل میں تین مختلف ناموں سے شرکت کی۔ 1998ء کے ایونٹ میں وہ پہلے نمبر پر کیکٹس جیک کے نام سے رنگ میں آیا پھر 16ویں نمبر پر دوبارہ لڑنے آیا تو اس وقت اسے مین کائنڈ کے نام سے پکارا گیا اور جب یہ تیسری مرتبہ 28 ویں نمبر واپس آیا تو تب اس کا نام ڈوڈلو پکارا گیا۔ شان مائیکل اور کرس بنیوا دو واحد ریسلر ہیں جو نمبر ایک پررنگ میں آئے اور آخر میں چیمپئن بن کر باہر نکلے۔ رائل رمبل مقابلوں میں جہاں ہر منٹ بعد ایک ریسلر رنگ میں جاتا ہے اور باہر گرنے والا ریسلر مقابلے سے آؤٹ ہو جاتا ہے، بظاہر تو یہ لگتا ہے کہ جو پہلوان نمبر30 پر رنگ میں داخل ہوتا ہو گا وہی کامیاب ہوتا ہو گا کیونکہ وہ تازہ دم ہوتا ہے اور باقی لڑ لڑ کر تھک چکے ہوتے ہیں لیکن ایسا آج تک نہیں ہوا کہ نمبر30 پر آنے والا ریسلر کامیاب ہو سکا ہو۔رائل رمبل مقابلوں میں نمبر 27 کو لکی نمبر کہا جاتا ہے اور اب تک نمبر27 پر آنے والے چار ریسلر ایونٹ جیت چکے ہیں۔ سٹون کولڈ سٹیو آسٹن وہ واحد ریسلر ہے جس نے تین مرتبہ چیمپئن اور ایک مرتبہ رنراپ رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔