وزیر اعظم بننا میری منزل نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی خواہش ہے ، لاہور بم دھماکے نئی حکومت کے لئے وارننگ ہیں،لیکن ہم ڈرنے والے نہیں۔ آصف علی زرداری کی میڈیا سے گفتگو:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2008ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کاوزیر اعظم بننا ان کی منزل نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی خواہش ہے ۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح عوام کو دال روٹی اور جان و مال کے تحفظ کی فراہمی ہے ۔لاہور بم دھماکوں کے بارے میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اعلان مری کے بعد ہونے والے یہ دھماکے نئی حکومت کو وارننگ کے طور پر کرائے گئے ہیں لیکن وہ کسی سے ڈرنے والے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردی جمہوریت کو ختم کرنے کی سازش ہے اور وہ ملک سے دہشتگردی کو ختم کر کے دم لیں گے ۔انکا کہنا تھا کہ عوام کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ صرف پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے والوں کے ذمہ دار نہیں بلکہ ملک کے ہر شہری کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے ۔کالا باغ ڈیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت ملک میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے ذریعہ کالا باغ ڈیم جتنا پانی بچائے گی اور ایسے کسی منصوبہ کے حق میں نہیں ہیں جو قوم کو تقسیم کرنے کاباعث ہو۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے