خودکش بم دھماکے کرنے والے عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ‘ الطاف حسین:
لندن (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11 مارچ 2008 )متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے منگل کو لاہورمیں ہونے والے دوخودکش بم دھماکوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوران میں عورتوں اوربچوں سمیت درجنوں افرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ جوعناصر خودکش بم دھماکے کرکے معصوم وبے گناہ شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں وہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں تسلسل کے ساتھ ہونے والے یہ خودکش بم دھماکے حکومت اور ارباب اختیارکیلئے ہی نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے ایک کھلاچیلنج ہیں لہٰذا پوری قوم کومتحد ہوکردہشت گردی کی اس لہرسے نمٹناہوگا۔انہوں نے خودکش بم دھماکوں میں متعددافرادکے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کاایک ایک کارکن خودکش بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین کے غم میں برابرکاشریک ہے ۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے وا لوں کی مغفرت فرمائے اورلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے ۔انہوں نے بم دھماکے کے زخمیوں کی جلدصحتیابی کی بھی دعاکی ۔الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ دہشت گردی سے نمٹنے اورشہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے