لاہور خودکش حملے ، پولیس اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری:
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2008ء)لاہور میں ایف آئی اے کے صوبائی ہیڈکوارٹر اور ماڈل ٹاون میں ایڈورٹائزنگ کمپنی کے دفتر پر ہونے والے خودکش حملوں کی تحقیقات کے لئے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور چودھری تصدق حسین کی سربراہی میں پولیس کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ، دیگر تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں بھی تحقیقات میں مصروف ہیں ۔ انوسٹی گیشن ذرائع کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں لیکن جلد کسی حتمی نتیجہ تک پہنچنا اور خودکش حملہ آوروں کا سراغ لگانا مشکل ہے ۔ ذرائع نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ کالعدم تنظیموں سمیت دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث پہلے سے گرفتار خطرناک ملزمان سے بھی ان خودکش حملوں کے بارے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ نیوی وار کالج اور جی پی او چوک میں خودکش دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کئے گئے ملزمان سے بھی اب تک کوئی ایسی معلومات نہیں ملی جس سے تحقیقاتی مراحل کو آگے بڑھایا جائے ۔ اعلیٰ پولیس آفیسر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ایسے خودکش حملہ آوروں کا نہ تو نادرا سے کوء ریکارڈ ملتا ہے اور نہ ہی ڈی این اے ٹیسٹ سے کوئی شناخت ہوپاتی ہے جس وجہ سے تحقیقات کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا اور زیادہ تر خودکش حملہ آوروں اور ان کے نیٹ ورک کا سراغ نہیں لگایا جاسکتا ہے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے