Search Quran Software by Zahir Hussain

Search Quran Software By Zahir Hussain

سرچ قرآن۔ قرآن و حدیت کے حوالے سے بہترین سافٹ وئیر

قرآن مجید کے حوالے سے لاتعداد کتابیں، تحقیقی مقالات اور شرحیں لکھی جا چکی ہیں اور تحقیق و تحریر کا یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ بیسویں صدی میں جدید ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے کے بعد دنیا کا سارا کام سمٹ کر کمپیوٹر میں منتقل ہو چکا ہے، جس سے عام شخص کی رسائی علم کی ان سوتوں تک ہو گئی ہے جس کا تصور ہی محال تھا۔
اب سات سمندر پار ہونے والی سائنسی تحقیق، ادبی شہ پارے کی تخلیق یا قدیم تہذیبوں کی کاوشوں سے گھر بیٹھے آگاہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انٹرنیٹ پر دنیا جہان کی معلومات زیادہ عربی ، انگریزی اور دوسری زبانوں میں ہیں۔ جس کی وجہ سے ان زبانوں سے نابلد اردو دان طبقہ پوری طرح مستفید نہیں ہو پاتا۔ ویکیپیڈیا نے اپنی ویب سائٹوں پر دیگر زبانوں کے ساتھ اردو زبان کا ورژن بھی شامل کیا ہے لیکن یہ معلومات اس قدر کم یا ادھوری ہیں کہ اس سے اردو زبان کے طبقے کی تشنگی دور نہیں ہوتی، خاص طور پر قرآن و حدیث کے حوالے سے انٹرنیٹ پر معلومات نہ ہونے کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

اس مسئلے کے حل کے طور پر کراچی کے ایک نوجوان زاہد حسین نے قرآن و حدیث کے لیے ایک ایسے سرچ انجن کی بنیاد ڈالی ہے جس کے ذریعے اب آپ قرآن و حدیث میں کوئی بھی موضوع، آیات یا احادیث آسانی کے ساتھ تلاش کر سکتے ہیں۔مثال کے طور پر اگر آپ پریشان ہیں اور ”صبر“ کے متعلق قرآن میں موجود جو آیات ہیں وہ تلاش کرنا چاہتے ہیں تو اردو میں ”صبر“ یا رومن اردو (یہ وہ رائج طریقہ ہے جس میں رسم الخط توانگریزی ہوتا ہے لیکن پڑھا اردو جاتا ہے جیسا کہ ہم موبائل سے ایس ایم ایس کرتے ہیں) میں ”sabar“ لکھیں یا انگریزی زبان میں ”ُPatience“ لکھیں تو اس کے متعلقہ جتنی بھی آیات قرآن مجید میں کوموجود ہونگی وہ سب 1 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں آپ کے سامنے آ جائیں گی۔
اسی طرح اگر آپ اپنے بچے کو بولتے ہیں کہ جھوٹ بولنا بُری بات ہے اور اللہ تعالیٰ قرآن میں اس سے منع فرماتا ہے۔ ہمارے بچے کیونکہ اب زیادہ ذہین ہو گئے ہیں اور وہ معلوم کرتے ہیں بابا جان وہ آیات ذرا ہمیں بھی دکھا دیں تو بابا جان کو اس وقت جس خفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ بیان کے لائق نہیں۔ زاہد حسین نے اسی تکلیف کو اب لوگوں کے لیے ختم کر دیا ہے۔
اس نوجوان کو قرآن و حدیث کے اس سرچ انجن کے بنانے میں آٹھ(8) سال کا طویل وقت لگا۔ اس نوجوان کی کہانی بھی بڑی دلچسپ ہے ہے۔ اس نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1996 میں ٹھیلے پر کیلے بیچ کر کیا۔ اپنی تعلیم کو ساتھ ساتھ جاری رکھا اور پھر سبزی مارکیٹ میں ایک آرھتی کےپاس بطور اکاؤنٹنٹ کے ملازمت کا آغاز کیا۔6 سال تک وہ 1500 روپے کی تنخواہ لیتے رہے اور اسی دوران اپنی گریجویشن اور ماسٹر مکمل کیا۔
اللہ کے فضل سے اس نوجوان نے اپنے علم کو اپنا ہنر بنایا اورعلم کے سکے کو استعمال کرتے ہوئےترقی کے زینے چڑھنا شروع کیے۔آج زاہد حسین کراچی میں اپنی آئی ٹی کی کمپنی چلا رہے ہیں اور مختلف کمپنیوں کے سافٹ وئیرز بنا کر فروخت کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تدریس سے بھی وابستہ ہیں۔ ICAP میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو پڑھاتے ہیں۔
اس سافٹ وئیر میں قرآن کریم کی آیات کو مختلف طریقوں سے تلاش کیا اور پڑھا جا سکتا ہے۔
قرآن کو پڑھنے کے لیے آج ہمارے بچوں کو ہمیں بارہا مرتبہ بولنا پڑھتا ہے لیکن ہمارا بچہ کتاب سے دور اور انٹرنیت اور موبائل کے قریب ہوتا جا رہا ہے۔اس سافٹ وئیر کی سب سے بڑی خاصیت یہی ہے کہ یہ کمپیوٹر اور موبائل فون دونوں پر موجود ہے۔ قرآن پڑھنے والے ہمارے پاس تین قسم کے لوگ ہیں۔
1. جو قرآن کی تلاوت صرف برکت کے لیے کرتے اور سنتے ہیں۔

2. وہ طبقہ جو صرف اپنے مسلک کو صحیح ثابت کرنے کے لیے آیات و احادیث تلاش کرتا ہے۔
3. علماء حضرات جو کہ اس کتاب کے ذریعے تحقیق کرتے ہیں۔
اس سافٹ وئیر میں تینوں طبقوں کو بہت احسن انداز میں سہولیات دی گئیں ہیں۔
• آپ پارہ یا سورت پڑھنا چاہیں اور اس کا ترجمہ بھی پڑھنا چاہیں تو یہ بھی ممکن ہے۔
• آپ اردو کے 8 تراجم مختلف مکتبہ فکر کے آسانی کے ساتھ پڑھ اور سن سکتے ہیں۔

• عربی تلاوت 17 مختلف قاریوں کی آواز میں سن سکتے ہیں۔
• اگر آپ کوئی آیت یا سورۃ یاد کرنا چاہیں تو دوہرانے کی سہولت بھی موجود ہے۔
• انگریزی ترجمہ پڑھ بھی سکتے ہیں اور سن بھی سکتے ہیں۔
• رومن اردو میں بھی آپ ترجمہ پڑھ سکتے ہیں۔۔ یہ ہمارے اس طبقے کے لیے بھی بہت اہم ہے جسکو اردو پڑھنا نہیں آتی یا وہ ملک سے باہر رہتے ہیں۔

• قرآن کے ”مادے“ کو بھی اس میں لغات کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔یعنی قرآن مجید میں 77881 الفاظ ہیں، ہر لفظ کا مادہ اس کی لغت اردو اور انگریزی دونوں میں موجود ہے۔
• قرآن کے اردو اور انگریزی میں اعشاریہ بھی اس میں موجود ہیں جس کے ذریعے قرآن کو سیاق و سباق(Context) کے حساب سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔مثال کے طور پر ”والدین کے حقوق“، ”سود“ اور ”ااچھے اخلاق “ وغیرہ۔
ایک ہزار کے قریب موضوعات پہلے سے موجود ہیں۔
• اس سافٹ وئیر کو اب تک 177 ممالک میں 14 لاکھ لوگ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔
• اردو تراجم میں محمد جونا گڑھی، طاہرالقادری، ذیشان جوادی، امین احسن اصلاحی، عبد اسلام بھٹوی، محمد حسین نجفی، ابوالاعلیٰ مودودی اور احمد رضا بریلوی صاحبان کے تراجم شامل ہیں۔
• تفسیر ابن کثیر اور تفہیم القران دو تفاسیر اس سافٹ وئیر کا حصہ ہیں۔

• احادیث کی 6 مشہور کتب جنکو صحاح ستہ کہا جاتا ہے وہ بھی اس میں موجود ہیں۔ آپ ان چھ کتابوں (صحیح بخاری، صحیح مسلم، جامع ترمذی، سنن ابوداؤڈ، سنن نسائی اور سنن ابن ماجہ) میں کوئی بھی موضوع، احادیث اردو اور انگریزی میں تلاش کر سکتے ہیں۔
• ہزاروں احادیث کا ذخیرہ جس کی 65 جلدیں بنتی ہیں اس سافٹ وئیر میں موجود ہیں۔
• بچوں کے لیے ”دعا“ کا حصہ مخصوص ہے جس میں ہم اپنے بچوں کو دعا یاد کروا سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر ”سونے سے پہلے کی دعا“ اور ”استخارہ کی دعا“ وغیرہ وغیرہ۔
• عبادات کے حصے میں نماز، حج و عمرہ، جنازہ وغیرہ کا طریقہ پڑھ بھی سکتے ہیں اور سن کر یاد بھی کرسکتے ہیں۔

اسلام 360

زاہد حسین نے یہ کام 2007 سے شروع کیا ہوا ہے اور اس نوجوان کے عزم مصمم نے آج ہماری نوجوان نسل کے لیے بہت آسانی کر دی ہے۔

کیونکہ ہماری موجودہ نسل اسمارٹ فون کا بہت زیادہ استعمال کرتی ہے اور یہ سافٹ وئیر باآسانی اس کے سمارٹ فون کا حصہ بن سکتا ہے۔جو لوگ آئی فون یا آئی پیڈ استعما ل کرتے ہیں وہ ایپ سٹور پر اور جو لوگ ونڈوز فون استعمال کرتے ہیں وہ ونڈوز سٹور پر اور جو لوگ اینڈریوڈ فون استعمال کرتے ہیں وہ پلے سٹور پر جاکر اس نوجوان نام ”Zahid Hussain“ لکھیں یا ”Islam 360“ لکھین یہ موبائل فون ایپ بلکل مفت آپ کے موبائل میں انسٹال ہونے کے لیے دستیاب ہوگی۔

جو لوگ اس سافٹ وئیر کو اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں انسٹال کرنا چاہیں تو www.nuzool.com یا www.islamictech.com سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
زاہد حسین نے اس سافٹ وئیر کو پاکستان اور بیرون ملک کے علماء کرام کو بھی دکھایا ہے ، جن میں مفتی تقی عثمانی صاحب، ڈاکٹر ذاکر نائک، ھافظ ابتسام الہیٰ ظہیر صاحب، ڈاکٹر فرحت ہاشمی وغیرہ شامل ہیں۔ ان سب نے زاہد حسین کے اس کام کو بہت سراہا ہے اور تعریفی خطوط بھی دئیے ہیں۔

Search Quran Software by Zahir Hussain
تاریخ اشاعت: 2015-06-17

More Technology Articles