Due to fake video Pakistanis Destroy NFC chips

Due To Fake Video Pakistanis Destroy NFC Chips

جعلی ویڈیو۔ ہزاروں پاکستانی پاگل بن گئے

جس طرح نیم حکیم خطرہ جان ہوتا ہے، جیسے نیم ملا خطرہ ایمان ہوتا ہے اسی طرح انٹرنیٹ  پر عام آدمیوں کی طرف سے بتائے گئے ٹوٹکے آپ کی جان، ایمان اور مال کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں۔
انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو کافی وائرل ہو گئی ہے ، جسے دیکھ کر بہت سے افراد نے اپنے سمارٹ فونز خاص کر سام سنگ کے سمارٹ فونز کا کباڑا کر لیا ہے۔ اس ویڈیو میں ، جس کا عنوان “پاکستانی نے سام سنگ کا ڈرامہ بے نقاب دیا ہے”،  دو افراد کو باقاعدہ ایک راز سے پردہ اٹھاتے دکھایا ہے۔

انہوں نے پتہ چلایا کہ کس طرح لوگوں کی ذاتی ویڈیو انٹرنیٹ پر شیئر ہو جاتی ہوں۔ ویڈیو میں دونوں صاحب سام سنگ کا سمارٹ فون کھول کر اس کی بیٹری کے پیچھے لگی  ایک چپ اتارتے ہیں اور لوگوں کو بتاتے ہیں کہ  یہ چپ جاسوسی کی چپ ہے، جسے موبائل فون میں لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وہ اس چپ کو سمارٹ فون سے نکال دیتے ہیں۔پھر دونوں لوگوں سے یہ کہتے ہیں کہ اس چپ کو نکال دیں، جس سے بیٹری بھی کم گرم ہوگی۔

اس ویڈیو میں ایک صاحب یہ بھی فرماتے ہیں کہ وہ عوام کے پرزور اصرار پر یہ طریقہ اردو میں بتا رہے ہیں، غالباً انہوں نے کوئی  پشتوویڈیو بھی اپ لوڈ کی ہوگی ۔
اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کئی افراد نے اپنے سمارٹ فون سے اس چپ کو نکال دیا ، جن کے سمارٹ فون میں یہ چپ نہیں تھی وہ دوسروں کو نکالنے کا مشورہ دیتے پائے گئے۔
اس ویڈیو میں بتائی گئی باتیں ایک دھوکہ ہیں، اگر جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا گیا تو انتہاء درجے کی بے وقوفی ہے۔
ویڈیو میں جس چپ کو جاسوسی کی چپ قرار دیا گیا ہے وہ دراصل این ایف سی چپ ہے۔این ایف سی  (Near Field Communication) میں دو ڈیوائس کے درمیان ڈیٹا کا تبادلہ ہوتا ہے۔یہ ڈیٹا ، جو بہت قلیل مقدار میں ہوتا ہے، بہت قریبی ڈیوائس جن میں چند سینٹی میٹر کا فاصلہ  ہو ، کے درمیان ہوتا ہے۔ یہ چپ سمارٹ فونز میں ہی نہیں بلکہ کریڈٹ کارڈز میں بھی استعمال ہوتی ہے۔
ترقی یافتہ ممالک میں اس چپ کی مدد سے رقم کی ادائیگوں  کو آسان بنا دیا گیا ہے۔ این ایف سی چپ کو ہی مستقبل میں پے منٹس کا ذریعہ قرار دیا جاتا ہے۔این ایف سی کے بارے میں معلوماتی اینی میشن کو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں
موبائل سے ذاتی ڈیٹا چرانے کے حوالے سے اگر کوئی چیز خطرناک ہے تو وہ موبائل فونز کی ایپلی کیشنز ہیں، جوغیر ضروری طور پر ہرچیز تک رسائی مانگتی ہیں اور لوگ بلا سوچے سمجھے اسے قبول بھی کر لیتے ہیں۔

ہماری اپنے قارئین سے بھی یہی گذارش ہے کہ انٹرنیٹ ، خاص کر فیس بک پر کسی بھی چیز کو سچ سمجھ کر اندھا دھند پھیلانے سے  پہلے ایک دفعہ لازمی تصدیق کر لیا کریں۔

جھوٹی اور گمراہ کن ویڈیو  ذیل میں بھی دی جا رہی ہے۔

 

تاریخ اشاعت: 2015-06-19

More Technology Articles