Khalid Mehmood of Punjabi wikipideia has died

Khalid Mehmood Of Punjabi Wikipideia Has Died

پنجابی ویکیپیڈیا کے بانی خالد محمود وفات پاگئے

پنجابی ویکیپیڈیا کےبانی خالد محمود، 31 اکتوبر 2015 کو وفات پا گئے۔خالد محمود صاحب سے لیا گیاایک انٹرویو.
از سید مزمل الدین

آپ نے اپنے پچھلے خط میں جو جوابات طلب کیے تھے ان کے جوابات یہاں موجود ہیں۔ خالد محمود، اسلام آباد۔

1. آپ نے اردو ویکیپیڈیا سے اپنی ایڈیٹنگ کی ابتداء کی تھی۔ پھر آپ پنجابی ویکیپیڈیا پر کیسے پہنچے؟

اردو ویکیپیڈیا کے علاوہ میں نے انگریزی ویکیپیڈیا پر کئی صفحات کی ترمیم اور لکھنے کا کام کیا تھا۔

میں نے جرمن ویکیپیڈیا پر بھی لکھنے کی کوشش کی تھی مگر اس زبان پر خاصا عبور نہیں ہونے کی وجہ سے میں رک گیا۔ پنجابی میری مادری زبان ہے اور اس زبان کا ویکیپیڈیا شروع کرنا فطری تھا۔ اردو ویکیپیڈیا کے بارے میں میرا تاثر یہ تھا کہ یہاں ایک مصنوعی زبان استعمال کی جا رہی تھی جس میں عربی اور فارسی کے الفاظ کی کثرت تھی۔

(جاری ہے)

میں ایک آسان اور عام فہم زبان چاہتا تھا۔

اسی مشکل صورت حال کے پیش نظر میں نے اردو ویکیپیڈیا کو چھوڑا تھا۔

2. آپ نے پنجابی ویکیپیڈیا پر تعاون کرنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

پنجابی دنیا کی بارہویں سب سے بڑی زبان ہے اور اس کے لیے کوئی الگ ویکیپیڈیا موجود نہیں تھا۔ یہ میری مادری زبان ہے اورمیرے لیے شرم کی بات تھی کہ کوئی اس کا کوئی ویکیپیڈیا نہیں تھا۔ اس لیے میں نے اس کا آغاز کیا۔
میں کالج کی سطح پر انگریزی کا پروفیسر ہوں اور میں اچھی طرح سے سمجھ سکتا ہوں ان مسائل کو جو اکثر طالب علم اردو اور انگریزی سیکھنے میں محسوس کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ایک دن پنجابی ذریعہ تعلیم کی شکل اختیار کرے گی۔ اسی کے پیش نظر میں پنجابی ویکیپیڈیا کو ترتیب دے رہا ہوں کہ وہ ان زبانوں کی جگہ لینے میں معاون ہو۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی مادری زبان کے لیے کچھ کرسکا ہوں۔


3. پنجابی اور اردو ویکیپیڈیا کے ایڈیٹنگ کلچر میں آپ کیا فرق محسوس کرتے ہیں؟

اردو ویکیپیڈیا کے بالمقابل پنجابی ویکیپیڈیا پر زیادہ آزادی ہے۔

4. ایک منتطم کے طور پر (غالبًا اب تک کے واحد منتظم)، آپ اپنے ساتھی ایڈیٹروں سے کیسے پیش آتے ہیں؟

کبھی میرے علاوہ دانش صاحب بھی ایک سال تک منتظم تھے۔ کل ملا کر 7 سے 8 فعال ارکان ہیں۔
چونکہ زیادہ لوگ پنجابی لکھنے سے ناآشنا ہیں، اس لیے نئے ارکان کا ڈھونڈنا

مشکل ہے۔ لکھنے والوں کی اسی کم تعداد کی وجہ سے میں ہر ایک کے جذبات کا خیال رکھتا ہوں تاکہ تصادم کی صورت حال رونما نہ ہو۔

5. بھارت کے ویکیپیڈینز کئی ویکیپیڈیا ترمیمی مہموں میں پیش پیش رہے ہیں جیسے کہ Lilavati's Daughters Edit a thon کیا شاہ مکھی پنجابی ویکیپیڈیا پر بھی اس طرح اہتمام کیا گیا تھا؟

نہیں۔



6. زیادہ تر پنجابی ویکیپیڈینز کہاں موجود ہیں (جغرافیائی طور پر، اگر آپ نے کچھ تجزیہ کیا ہو تو)؟

ہمارے تقریبًا سبھی ویکیپیڈینز پنجاب میں موجود ہیں۔

7. کیا آپ پنجابی ویکیپیڈیا برادری کی کوئی بیٹھک میں شامل ہوئے یا اس کا اہتمام کیے ہیں؟ اگر ہاں تو براہ کرم تفصیلات بتایئے۔

ہمارے یہاں اس طرح کا تجربہ نہیں رہا ہے مگر ہم لوگ ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں۔
ایک مرتبہ ہم پانچ پنجابی ویکیپیڈینز ڈاکٹر شاہ باز ملک سے ملنے گئے تھے جو لاہور میں شعبہ پنجابی کے صدر ہیں۔

8. کیا کچھ ادارہ جات ہیں جو یا تو پنجابی ویکیپیڈیا کو پروموٹ کر رہے ہیں یا کرنے کا امکان ہے؟

ہمارے سبھی اداروں کواس ویکیپیڈیا کا علم ہے۔ پچھلے پانچ سالوں میں میں سبھی قابل ذکر پنجابی لکھاریوں کو تمہیدی معلومات فراہم کر چکا ہوں۔
میں اس کی تشہیر کے لیے فیس بک کا استعمال کررہا ہوں۔ اور ہم ہرروز 23000 سے 27000 کلک پاتے ہیں جس کی وجہ سے شاید ہماری ویب سائٹ ہماری زبان کی سب سے بڑی ویب سائٹ بن چکی ہے۔

9. ترمیمی مواد میں اضافہ کرنے یا ساتھی ایڈیٹروں کو مخصوص موضوعات میں اضافہ کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کا آپ کا تجربہ کیسا رہا؟

یہ ایک اچھا تجربہ تھا۔ مجھے اچھی پنجابی اور اعلٰی درجے کے مواد سے دلچسپی ہے۔
میری خواہش ہے کہ لوگ ہماری لکھی بات پر بھروسا کریں۔ میں نے اعلٰی معیارات قائم کیے اور دوسروں کو ان پر عمل کرنے کے لیے راغب کیا۔

10. آپ کی زبان کے تکنیکی مسائل کس طرح ہیں؟ اب کیا یہ آسان ہے کہ ایک نووارد ویکی پر بہ آسانی تعاون کرسکے؟

ہم تکنیکی مسائل کو رفتہ رفتہ سلجھا رہے ہیں۔ ہم اپنے تجربے سے اور دیگر ویکیوں سے سیکھ رہے ہیں۔
مگر میرا خیال ہے کہ ایک علیحدہ ویکیمیڈیا ڈیسک ہونا چاہیے جہاں سے چھوٹی ویکیوں (small wikis) کو مدد مل سکے۔

11. اِنٹرفیس ترجمہ وغیرہ کس طرح ہے؟

میں نے یہ کام انجام دیا ہے۔ اگر کوئی غلطی دکھے تو میں آگے اسے سدھاروں گا۔ ہم کام کرتے کرتے سدھار لا رہے ہیں۔

12. آپ صارف:Hunnjazal اور ست دیپ گِل جسے بھارتی صارفین کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟

ہماری ویکی پر بھارتیوں کا تعاون بہت ہی کم ہے۔



13۔ ہندی ویکیپیڈیا کے مضامین جیسے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ اور دریائے جہلم کے مضامین کی ترمیم پر مبارکباد۔ مستقبل میں آپ کون سی بھارتی زبانوں میں ترمیم کرنا چاہیں گے؟

غالبًا آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے۔ میں نے کبھی بھی ہندی ویکیپیڈیا پر ترمیم نہیں کی۔


14 کیا آپ کوئی سافٹ ویر / آن لائن ویب سائٹ جانتے ہیں جس سے شاہ مکھی کو گرمکھی اور اس کے برعکس بھی کیا جا سکتا ہے؟

نہیں۔ ایک بار ہمارے یہاں کا ایک ایڈیٹر گرمکھی صفحات کو شاہ مکھی میں تبدیل کر کے ویکیپیڈیا پر پیسٹ کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ یہ اس قدر خراب تھا کہ ہم نے اس سے گزارش کی کہ وہ اگلی بار ایسا نہ کرے۔

15. پاکستان میں گرمکھی کا چلن کیسا ہے؟

صرف جن لوگوں کو ضرورت ہے، وہ سیکھ سکتے ہیں۔
بحیثیت مجموعی، بہت کم۔

16. کیا آپ مستقبل قریب میں گرمکھی ویکیپیڈینز (pa.wikipedia.org) کے ساتھ میل جول یا دوستانہ وابستگی کے امکانات کو دیکھتے ہیں یا ان ،کا حصہ بننا پسند کریں گے؟

ہاں، میں ان کے ساتھ دوستانہ میل جول کا خواہش مند ہوں۔

17. شاہ مکھی ویکیپیڈیا کے نامکمل مضامین کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

ان میں جو سب سے اہم ہیں وہ رفتہ رفتہ سدھارے جائیں گے۔



18. میں آپ کی کوششوں کو سراہنا چاہوں گا جو کہ پنجابی ویکیشنری (شاہ مکھی ویکی لغت) سے جڑے ہیں:۔ لیکن جہاں تک مجھے علم ہے، اس ویکی پر کوئی منتظم نہیں ہے۔ کیا یہ بہتر نہیں ہو گا کہ آپ جیسا کوئی ذمے دار شخص یہ عہدہ سنبھال لے۔ ایضًا شاہ مکھی ویکی اقتباسات (Wikiquote) اور ویکی ماخذ (Wikisource) منصوبہ جات؟

ویکی لغت پر لکھنا ایک سنجیدہ کام ہے جس کے لیے یہاں بہت کم ایڈیٹر موجود ہیں۔
میں ایک باضابطہ معاون ہوں۔ میں وہاں کبھی منتظم تھا مگر اب ایک عام معاون ہوں۔ میں نے پینجابی ویکی اقتباسات کو شروع کیا تھا اور اس کے 531 صفحات موجود ہیں۔ یہ اب انکیوبیٹر میں ہے مگر عنقریب معمول کے منصوبہ جات کا درجہ اختیار کرسکتا ہے۔

19. کیا آپ کچھ تجویز دے سکتے ہیں جس سے پنجابی اور دیگر لسانی منصوبوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے؟

مجھے لگتا ہے کہ اخبارات میں مضامین چھاپے جانے چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان منصوبوں کے بارے میں واقف ہوں۔


20. کیا آپ اپنے بارے میں تعارف دے سکتے ہیں؟

میں راولپنڈی/ اسلام آباد علاقے میں انگریزی کا اسسٹنٹ پروفیسر ہوں۔ میرے کئی شوق (hobbies) ہیں، جن میں کثرت مطالعہ شامل ہے۔ پچھلے 6 سالوں سے پنجابی ویکیپیڈیا میرا جنون رہا ہے۔ ویکیمیڈیا نے مجھے اعزازی طور پر پہلے 2012ء ویکیمینیا واشنگٹن ڈی سی میں بلایا اور اب 2014ء میں لندن میں بلایا۔ میں پنجابی ویکیپیڈیا کو ایک قابل تصدیق معلومات کے ذریعے، ثقافتی مرکز اور پنجابی لوگوں کے لیے ایک سرمایہ فخر کے طور پردیکھنا چاہوں گا۔

تاریخ اشاعت: 2015-11-03

More Technology Articles