Tahir Mehmood of Urdu Wikipedia

Tahir Mehmood Of Urdu Wikipedia

اردو ویکیپیڈیا پر ایک لاکھ ترامیم کا ہدف عبور کرنے والے پہلے اردو ویکیپیڈین۔ طاہر محمود قریشی

طاہر محمود قریشی صاحب اردو ویکی پیڈیا میں بطور رضا کار شامل ہوئے، منتظم ہوئے اور آج کل اردو ویکیپیڈیا کے بیوروکریٹ کے فرائض بھی سر انجام دے رہے ہیں۔ اردو ویکیپیڈیا پر Tahir mq کے نام سے کام کرتے ہیں۔ طاہر صاحب وہ پہلے اردو ویکیپیڈین ہیں جنہوں نے اردو ویکیپیڈیا پر ایک لاکھ تدوین(Edits ) مکمل کیں۔
طاہر صاحب کا کہنا ہے
”میں اردو ویکیپیڈیا کو اس کے ایک لاکھ صفحات کے ہدف تک پہنچانے میں مدد کر رہا ہوں، اس عمل کے دوران میں نے اردو ویکپیڈیا پر ایک لاکھ تدوین کیں، جس سے میں بہت خوش ہوں“

طاہر صاحب کی باتیں اور اردو ویکیپیڈیا پر اُن کا کام ، اردو ویکپیڈیا کی ترقی کے لیے اُن کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔


طاہر صاحب کا تعلق بنیادی طور پر پاکستان سے مگر اُن کا بچپن سعودی عرب میں گذرا، قبرص کی ایک یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور کافی عرصے سے اپنا زیادہ وقت اردو ویکیپیڈیا پر گذارتے ہیں۔

(جاری ہے)

طاہر صاحب عربی، انگریزی اور یونانی بہت اچھے سے بول سکتے ہیں مگر جب ویکیپیڈیا کی بات آئی تو انہوں نے اردو زبان کے ویکیپیڈیا کا انتخاب کیا۔
طاہر صاحب اس وقت سعودی عرب کی ایک اچھی کمپنی میں نیٹ ورک اور آپریشن کے انچارج ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خاندان کی سپورٹ اور اردو ویکیپیڈیا کے ماحول کی وجہ سے وہ اس قابل ہوئے اردو ویکیپیڈیا پر اتنا زیادہ کام کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اردو ویکیپیڈیا کا ماحول بہت دوستانہ اور ہر قسم کے تنازعات سے پاک ہے۔
طاہر صاحب نے2009 میں انگریزی ویکیپیڈیا پر کام کرنا شروع کیا ، مگر جب 2012 میں اردو ویکیپیڈیا سے تعارف ہوا تو وہ اردو ویکیپیڈیا پر پر منتقل ہو گئے۔
اردوزبان میں علم کا اضافہ کرنا او ر اسے مفت میں دوسروں کے لیے پیش کر دینا ، اُن کے لیے سنسنی خیز تجربہ بھی ہے اور باعث اطمینان بھی ۔
طاہر صاحب کے انتھک کام کی وجہ سے اردو ویکیپیڈیا کمیونٹی نے پہلے انہیں اردو ویکیپیڈیا کا منتظم چنا اور اس کے بعد بیورو کریٹ بنا دیا۔ منتظم اور بیوروکریٹ بن کر وہ اردو ویکیپیڈیا کے تیکنکی کام بھی سرانجام دینے لگے اور اُن کے اپنے کام بھی خاصی تیزی آئی۔
طاہر صاحب نے جب سے اردو ویکیپیڈیا میں شمولیت اختیار کی ہے، وہ مسلسل سانچہ جات اور زمرہ جات کو بہتر بنانے کے علاوہ تمام نئے اور پرانے صارفین کی رہنمائی بھی کر رہے ہیں۔
طاہر صاحب نے بتایا کہ اس وقت اردو ویکیپیڈیا تمام زبانوں کے ویکیپیڈیاؤں میں 61 ویں نمبر پر ہے۔ پچھلے سال یہ 90 ویں نمبر پر تھا۔ طاہر صاحب اس کا سارا کریڈٹ تمام ویکیپیڈین کی مجموعی کوششوں کو قرار دیتے ہیں۔
اردو ویکیپیڈیا پر اس وقت 72263 مضامین ہیں۔ اردو ویکپیڈینز کی کوشش ہے کہ کسی طرح مضامین کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر زیادہ سے زیادہ مضامین کو اردو ویکیپیڈیا کا حصہ بنایا جائے۔
طاہر صاحب کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اردو ویکیپیڈیا کا موازنہ عربی، فارسی اور ہندی زبان کے ویکیپیڈیاؤں سے کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں ہدف کے حصول کے لیے ویکیپیڈیا کے لیے بہت کام کرنا ہے۔

طاہر صاحب اس وقت اردو ویکیپیڈیا پر ایک طرح سے ٹیم لیڈر ہیں مگر وہ خود کو دوسرے بہت سے عام رضاکاروں کی طرح ہی سمجھتے ہیں۔ گفتگو کے دوران اردو ویکیپیڈیا پر محمد شعیب (ناگ پور، بھارت) کی تیکنیکی مہارت، عبید رضا(پاکستان) کے لسانیات کے علم اور امین اکبر(مظفرگڑھ، پاکستان) کی ہمہ گیر قابلیت کا بھی ذکر کیا۔ طاہر صاحب نے اپنی گفتگو میں اردو ویکیپیڈیا پر فعال 13 مزید ویکپیڈینز کے بارے میں بھی بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سے ساتھی دوسری زبانوں میں بھی اچھا علم رکھتے ہیں۔
طاہر صاحب اس وقت فیس بک، وٹس ایپ اور دیگر دوسرے پلیٹ فارمز پر ویکیپیڈیا گروپس میں بھی خاصے متحرک ہیں۔ کچھ سال پہلے انہوں نے کراچی میں اردو ویکیپیڈیا کے رضاکاروں کی میٹنگ کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔ ان کا خیال ہے کہ مستقبل میں ہونے والی رضاکاروں ک ملاقاتوں سے نئے صارفین اور رضاکار ملنے میں مدد ملے گی۔


اردو کو اس وقت معدومی کا کوئی خطرہ نہیں، اردو پاکستان کی قومی زبان ہے۔ برصغیر میں اردو کے حوالے سے اچھا خاصا علمی سرمایہ موجود ہے۔ اس کے باوجود طاہر صاحب سوشل میڈیا پر رومن اردو کے استعمال سے کچھ مایوس ہیں۔ بڑے بڑے میڈیا گروپس اردو کے استعمال میں گرامر اور املا کی غلطیوں کا دھیان نہیں کرتے ۔ طاہر صاحب کا کہنا ہے کہ یہ غلطیاں نئی نسل کی رومن زدہ اردو کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔
سوشل میڈیا استعمال کرنے والے روایتی اردو کو لاطینی رسم الخط میں لکھتے ہیں۔ طاہر صاحب نے رومن اردو لکھنے والوں پر زور دیا کہ وہ اردو کی بورڈ سے متعارف ہوں اور باقاعدہ روایتی اردو رسم الخط میں کا استعمال کریں۔ طاہر صاحب اردو ویکیپیڈیا کو ایسا واحد پلیٹ فارم سمجھتے ہیں جہاں پر اردو کو سیکھ کر اپنی صلاحیتوں کا استعمال کیا جا سکتاہے۔


طاہر صاحب نے اردو دان طبقے کو پیغام دیا کہ اردو سے متعلقہ کسی بھی علمی یا ادبی سرگرمی میں کاوش کر کے اپنی زبان کی خدمت کریں جس کے لیے اردو ویکیپیڈیا ایک بہترین انتخاب ہے۔

اردو ویکیپیڈیا پر طاہر محمود صاحب کا صفحہ صارف ملاحظہ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اردو ویکیپیڈیا پر طاہر محمود صاحب کے تبادلہ خیال کا صفحہ ملاحظہ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

(انٹرویور: مزمل الدین سید)

Tahir Mehmood of Urdu Wikipedia
تاریخ اشاعت: 2015-06-30

More Technology Articles