HyperLoop A conceptual high-speed transportation system

HyperLoop A Conceptual High-speed Transportation System

ہائپر لوپ: تیز رفتار سفر کے لیے نئی ٹیکنالوجی

ایلون مسک کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ 28 جون 1971 کو پیدا ہونے والے ایلون مسلک کینڈین امریکن بزنس مین، انجینئر، موجد اور سرمایہ کار ہے۔کئی بڑے بڑے انقلابی منصوبوں کے پیچھے ایلون کا ہی انقلابی ذہن کار فرما ہے۔ ایلون SpaceXاور Tesla Motorمیں سی ای اوہے۔ سولر سٹی کا چیئرمین اور پے پال، زپ 2 کا شریک بانی بھی ایلون مسک ہی ہے۔ ان سب منصوبوں سے بڑھ کر ایلون نے ہائپر لوپ کے نام سے ایک نئے تصوراتی ٹرانسپورٹ سسٹم کا منصوبہ پیش کیا ہے، جس کی کامیابی کے بعد سفر کی دنیا کا نقشہ ہی کچھ اور ہو گا۔



اس منصوبے کے لیے ایلون نے ایک آزمائشی کمپنی(سٹارٹ اپ کمپنی) کی بنیاد رکھ دی ہے، اس سسٹم کے پروٹوٹائپ کو تیار کرنے میں 100 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ سرمائے کے علاوہ بوئنگ، ناسا، یاہو اور ائیر بس میں کام کرنے والے 200 انجینئر زبھی کمپنی کے شیئرز کے بدلے تحقیقی کام میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، لاس اینجلس کے گریجویٹ پروگرام کے 25 طلباء بھی اس منصوبے کے لیےکام کر رہے ہیں۔



ہائپر لوپ میں سطح زمین پر موجود کم پریشر والی ٹیوب میں زیادہ پریشر والے کیپسول کے ذریعے سفر کیا جائے گا۔ہوا کے پریشر کا یہ فرق ہی کیپسول کو تیزرفتاری سے منزل مقصود تک پہنچائے گا۔

اس وقت جو کیپسول بنائے جائیں گے وہ 2.23 میٹر(7 فٹ 4 انچ ) چوڑے ہونگے۔ موجودہ حالات میں یہ کیپسول زیادہ سے زیادہ 760 میل (1220 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکیں گے۔
یعنی لاس اینجلس کیلیفورنیا سے سان فرانسسکو کیلفورنیا تک 382 میل کا فاصلہ تقریبا آدھے گھنٹے میں طے ہو جائے گا۔

ماہرین کے ذہن میں ایک ایسا منصوبہ بھی ہے جس میں کم پریشر والی ٹیوب کی جگہ ویکیوم ٹیوب کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 6500 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے سفر کیا جا سکے۔ یعنی نیویارک سے چین تک کا سفر صرف 2 گھنٹے میں۔ موجودہ دور میں دستیاب ٹیکنالوجی ، وسائل اور دوسرے مسائل کے باعث ویکیوم ٹیوب کا منصوبہ قابل استعمال نہیں ہے۔

تاریخ اشاعت: 2015-02-17

More Technology Articles