جنوبی وزیر ستان کے علاقے اعظم ورسک میں مکان پر میزائل حملہ، 13افراد جاں بحق، 10زخمی ،، میزائل حملہ جاسوس طیارے سے کیا گیا، غیر ملکی خبررساں ادارے کا دعوٰی۔اپ ڈیٹ:
وانا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28فروری۔2008ء)جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں مکان پر میزائل حملے کے نتیجے میں 13افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں متعددغیر ملکی بھی شامل ہیں۔ انٹیلی جنس ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق اعظم ورسک کے گاوٴں کالو شاہ میں قبائلی شخص شیر محمد ملک خیل کے مکان کو بغیر پائلٹ کے طیارے سے داغے جانے والے گائیڈڈ میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ۔ جس سے مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس واقعے کے بعد مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ قبائلی شخص کے خلاف یہ کارروائی دہشت گردوں کے ساتھ رابطوں کی مبینہ اطلاعات پر کی گئی ۔ مقامی افراد کے مطابق اس مکان میں رات گئے چار نامعلوم افراد بھی آکر ٹھہرے تھے ۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی مبینہ طور پر افغانستان کی علاقائی حدود سے سے کی گئی ہے ۔ تاہم ابھی تک کسی اہم ٹارگٹ یا مطلوب شخص کی موجودگی یا اس کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔ کارروائی کے بعد مسلح افراد نے اس جگہ کا محاصرہ کرلیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔ دوسری جانب افغانستان میں نیٹو فورسز کے ترجمان نے بھی ایسی کسی کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل اطہر عباس نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں جنوبی وزیرستان میں پیش آنے والے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ نمائندہ کے مطابق وانا سے سولہ کلومیٹر مغرب میں واقع اعظم ورسک کے علاقے کالو شاہ میں ایک مکان پر نامعلوم سمت سے میزائل داغا گیا ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے